حکومت کو ڈرون حملوں سمیت دیگر اہم مسائل پر پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرنے ہوں گے، یوسف رضا گیلانی،ہمارے دور حکومت میں جب سلالہ کا واقعہ ہوا تو ہم نے نیٹو سپلائی سات ماہ کے لئے بند کردی تھی اور ہم نے سلالہ واقعے پر امریکہ سے معافی طلب کی تھی

اتوار 3 نومبر 2013 23:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3نومبر۔2013ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو ڈرون حملوں سمیت دیگر اہم مسائل پر پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرنے ہوں گے تاکہ ملک کو مسائل سے نکالا جاسکے۔ پیپلز پارٹی ملک کی خود مختاری اور سلامتی کے لئے آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے حکومت کے مثبت اقدامات اور پالیسیوں کی حمایت کرے گی۔

وہ اتوار کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں جب سلالہ کا واقعہ ہوا تو ہم نے نیٹو سپلائی سات ماہ کے لئے بند کردی تھی اور ہم نے سلالہ واقعے پر امریکہ سے معافی طلب کی تھی ا ور بون کانفرنس کا بھی بائیکاٹ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ہی ہم نے امریکہ سے شمسی ایئربیس خالی کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں امریکہ سے جو زبانی معاہدے کئے گئے ہم ان تمام معاہدوں کو پارلیمنٹ میں لائے اور پارلیمنٹ کو یہ اختیار دیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پالیسی کو وضع کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اہم مسائل پر ابہام کا شکار ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرے۔