روح کا علاج عبادات اور اخلاقیات ہے،مال اور اعمال کو زکوٰة جبکہ جسم کو صدقہ سے محفوظ بناسکتے ہیں، مولانا طارق جمیل، دین کا حسن اچھا اخلاق ہے لیکن بد قسمتی سے یہ اب مسلمانوں میں ناپید ہو چکا ہے،روح کو صحت مند بنانے میں ہمیں اپنی زبان پر قابو پانا ہوگا ،ممتاز عالم دین کافیصل آباد میں تقریب سے خطاب

جمعرات 7 نومبر 2013 19:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7نومبر۔2015ء) ممتاز عالم دین حضرت مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ روح کا علاج عبادات اور اخلاقیات ہے،مال اور اعمال کو زکوٰة جبکہ جسم کو صدقہ سے محفوظ بناسکتے ہیں حجامہ نہ صرف سنت نبوی بلکہ آج کے دور کا موثر طریقہ علاج ہے جس سے ہر شخص مستفید ہو سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کپنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر نیشنل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں صنعتکار ، ڈاکٹرز ، تاجر ،صحافی اور خواتین سمیت ہر شعبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ دین کا حسن اچھے اخلاق ہیں لیکن بد قسمتی سے یہ اب مسلمانوں میں ناپید ہو چکا ہے ۔روح کو صحت مند بنانے میں ہمیں اپنی زبان پر قابو پانا ہوگا ۔

(جاری ہے)

آسمان کی بلائیں تدبیروں سے نہیں بلکہ دعاوٴں سے ٹالی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم نے حجامہ کو طریقہ علاج کے طور پر اپنایا اور 14سو سال قبل بھی اس سے موثر علاج کیا جاتا تھا اور آج بھی لوگ اس سے مستفید ہو رہے ہیں لیکن اس کے لئے ہمیں اپنی غذاوٴں پر کنٹرول کرنا ہوگا اور اس حوالے سے احادیث مبارکہ اور سنت رسول میں مکمل رہنمائی موجود ہے۔

انہوں نے اس سنت طریقہ کار کو اجاگر کرنے پر ڈاکٹر آر ڈی احمد کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئر مین کپنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر آر ڈی احمد نے کہا کہ کپنگ طریقہ علاج نہ صرف پاکستان اور بلکہ یورپ جیسے ترقی یافتہ ممالک میں بھی مقبول ہو رہا ہے اور اس سے فالج ، جسم درد اور دوسرے امراض کا علاج کیا جا رہا ہے جو کہ اوسط 90 فیصد سے زائد کامیاب ہے اور سب سے بڑھ کر سنت رسول بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جو چیزیں ہمیں آج کی سائنس بتا رہی ہے وہ حضور نبی کریم نے آج سے 14 سو سال قبل بتا دیں اور جدید سائنسی تحقیق آج ان باتوں کو تسلیم کر رہی ہے ۔انہوں نے کپنگ تھراپی ( حجامہ)کے حوالے سے شرکاء کو طریقہ علاج سے تفصیلی آگاہ کیا ۔نہوں نے کہا کہ کپنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کپنگ تھراپی (حجامہ) سنت نبوی ہے اس ناصرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں طریقہ علاج متعارف کروایا جائیگا تاکہ لوگ سنت نبوی کے ساتھ ساتھ مرض سے بھی شفا حاصل کرئے۔جنرل سیکرٹری کپنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان ڈاکٹر ذیشان اسلم اور میجر (ر)ڈاکٹر نعیم احمد نے بھی کپنگ تھراپی (حجامہ) ، اسکے طریقہ علاج اور فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔

متعلقہ عنوان :