طالبان سے مذاکرات،جے یو آئی ف کا قبائلی جرگہ بلانے کا اعلان،حکیم اللہ محسود پر ڈرون حملے نے مذاکرات روک دیئے تھے، نئے سرے سے امن مذاکرات شروع کرنا بہت ضروری ہے ، فضل الرحمن

بدھ 13 نومبر 2013 23:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13نومبر۔2013ء) جمعیت علماء اسلام (ف )نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات بحال کرنے کے لئے جلد قبائلی جرگہ بلانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ حکیم اللہ محسود پر ڈرون حملے نے مذاکرات روک دیئے تھے، نئے سرے سے امن مذاکرات شروع کرنا بہت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام ف کے ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی ف طالبان کے ساتھ امن عمل شروع کرنے کیلئے جلد قبائلی جرگہ بلائے گی ، طالبان سے فوری مذاکرات کا عمل شروع کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ حکیم اللہ محسود پر امریکی ڈرون حملے نے مذاکرات تعطل کا شکار کر دیئے تھے، انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کی جانب سے بلائے جانے والے قبائلی جرگہ میں قومی قیادت نہ صرف شامل ہوگی بلکہ بھر پور تعاون بھی کرے گی، انھوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی شمولیت کے بغیر طالبان کے ساتھ مذاکرات کا موثر میکانیزم نہیں بنایا جاسکتا ہے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فروری 2013 میں بھی اسلام آباد میں ایک قبائلی جرگہ بلایا گیا تھا، جس میں قومی قیادت نے نہ صرف شرکت کی بلکہ بھر پور ساتھ بھی دیا تھا ، قبائلی جرگہ حکومت طالبان مذاکراتی عمل کو بحال کرنے میں مدد کرے گا۔