سانحہ راولپنڈی پر آر پی او اور سی پی او کو عہدوں سے ہٹادیا گیا، اختر حیات نئے آر پی او تعینات

منگل 19 نومبر 2013 13:27

راولپنڈی / سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19نومبر 2013ء) پنجاب حکومت نے سانحہ راولپنڈی کی تفتیش کے سلسلے میں سی پی او اور آر پی او راولپنڈی کو عہدوں سے فارغ کردیا ہے جس کے بعد اختر حیات لالیکا کو نیا آر پی او اور رائے ضمیر کو ایس ایس پی سیکیورٹی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ سانحے کے خلاف اہل سنت والجماعت کی کال پر سکھر میں ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سی پی او راولپنڈی بلال صدیق کمیانہ، آر پی او زعیم اقبال شیخ اور ایس ایس پی سیکیورٹی ڈار علی خٹک کو عہدے سے ہٹا کر اختر حیات لالیکا کو نیا آر پی او راولپنڈی اور رائے ضمیر کو ایس ایس پی سیکیورٹی تعینات کردیا ہے جبکہ سی پی او روالپنڈی کے لئے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بلال کمیانہ اور زعیم اقبال شیخ کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا تاکہ وہ واقعے کی تفتیش پر اثر انداز نہ ہوں اور اس کے لئے متاثرہ فریقین کی جانب سے حکومت کو دباؤ کا سامنا تھا۔

دوسری جانب راولپنڈی سانحے کے خلاف اہلسنت والجماعت کی جانب سے ہڑتال کی کال پر سکھر میں آج بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں، اہلسنت والجماعت کی جانب سے گزشتہ شام شہر ميں پمفلٹ تقسیم کئے گئے اور تاجروں سے آج اپنے کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی گئی تھی جس کے باعث آج شہر میں صرافہ بازار، گھنٹہ گھر، غریب آباد، شاہی بازار، نشتر روڈ سمیت دیگر بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ ہڑتال کے باعث شہر ميں سیکیورٹی بھی بڑھادی گئی ہے اور پریس کلب روڈ، دادو چوک اور گھنٹہ گھر سمیت مختلف مقامات پر رینجرز اہلکار تعینات ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔