جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پاک فوج کی کمان جنرل راحیل شریف کے سپرد کردی، سکبدوش ہونے والے آرمی جنرل کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، عظیم فوج کی 6 سال تک کمان سنبھالنا اعزاز کی بات ہے، جنرل کیانی

جمعہ 29 نومبر 2013 11:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29نومبر 2013ء) جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پاکستان کی بری فوج کی کمان جنرل راحیل شریف کے سپرد کردی۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے جنرل راحیل شریف کو پاک فوج کی کمان جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے دوران سپرد کی۔ تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ حکام اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی شریک تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد آج مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد سکبدوش ہونے والے آرمی جنرل اشفاق پرویز کیانی کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی بری افواج کی کمان ملک کے 15 ویں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے سپرد کی، جس کے بعد نئے آرمی چیف کو بھی پاک فوج کے چاکو چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران آرمی چیف جنرل اشفاق پرویزکیانی نے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی تقریب میں پاکستان کی چاروں علاقائی کی زبانوں میں ملی نغموں کی دھنیں بھی پیش کی گئیں۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ عظیم فوج کی 6 سال تک کمان سنبھالنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے،آج کا دن میرے لیے یادگار اور خصوصی اہمیت کا حامل ہے،بہت سے نشیب و فراز دیکھنے کا موقع ملا۔

نئے چیفس آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو پاک فوج کی کمان سونپنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ محنت ، ذمے داری اور خلوص نیت کو اپنا شعار بنایا،میں نے پاک فو ج کی کمان سنبھالی تو بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، پاک فوج اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ہرممکن کوشش کی، پچھلے6سال میں جو بھی فیصلے کیے ان میں پاک فوج اور ملک کا مفاد مقدم رہا، مجھے اللہ تعالیٰ کی مدد حاصل رہی۔

جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سے ناقابل تلافی نقصان پہنچا، پاک فوج نے کبھی قوم کو مایوس نہیں کیا، قوم نے جب بھی مشکل گھڑی میں پکارا اسے مایوسی نہیں ہوئی، پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے ہر مشکل میں فوج کی مدد کی، قوم کی دعاوٴں کے باعث ہمارا عزم بلند رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنا ہے، ہم انتہائی باصلاحیت، محنتی اور غیرت مند قوم ہیں، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی قائم رکھنے کی ضرورت ہے، شہدا کے اہل خانہ کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتا ہوں، مشکلات قوموں کا امتحان ہوتی ہیں، افواج پاکستان عوام کے تحفظ کی ضامن ہے، ہمارا مستقبل روشن ہے، آج فوج کی کمان جنرل راحیل شریف کو سونپ رہا ہوں، ہماری نوجوان نسل ہمارا سرمایہ افتخار ہے۔

جنرل کیانی کا کہنا تھا کہ ہمارا مستقبل انشاء اللہ روشن ہے،ریٹائر ہونے کے باوجود بھی میرا دل جوانوں کے ساتھ دھڑکے گا، میری دعائیں پاکستان فوج کے ساتھ ہوں گی۔