دفاع پاکستان کونسل کا ڈرون حملے و نیٹو سپلائی روکنے،لائن آف کنٹرول پر دیوار کی تعمیر کے اعلان کیخلاف ملک گیر تحریک تیز کرنے کا اعلان ،چیف جسٹس ڈرون حملوں میں بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت پر بھی سوموٹو ایکشن لیں، ملک گیر تحریک چلانے کیلئے قومی جرگوں کا انعقاد کیا جائیگا ،ملک کے کونے کونے میں جاکر عوام الناس کو متحد وبیدار کریں گے ، پاکستان کی نئی فوجی قیادت، سیاستدان اور حکمران دفاع کے مسئلہ پر ایک ہو جائیں ،ضمانت دیتے ہیں امریکہ دوبارہ ڈرون حملوں کی جرأت نہیں کریگا ،بھار ت نے مقبوضہ و آزاد کشمیر کی سرحد پر دیوار برہمن بنانے کی کوشش کی تو اسے ان شاء اللہ اپنے ہاتھوں سے گرائیں گے ، کشمیر کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے ،حکومت جیکب آباد کا اڈہ دوبارہ امریکہ کے سپرد کرنے کی کوشش کر رہی ہے‘ قوم اسے کسی صورت قبول نہیں کریگی ،امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کھڑا کرنے اور فوج و عوام کو باہم تقسیم کرنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ،نواز شریف قوم کے جذبات کا خیال رکھیں ،حافظ محمد سعید ، مولانا سمیع الحق ، فضل الرحمن خلیل و دیگر کا جلسہ سے خطاب

اتوار 1 دسمبر 2013 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 1دسمبر۔2013ء) دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے سربراہان اور قائدین نے ڈرون حملے و نیٹو سپلائی روکنے اوربھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر دیوار کی تعمیر کے اعلان کیخلاف ملک گیر تحریک مزید تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیلئے قومی جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ملک کے کونے کونے میں جاکر عوام الناس کو متحد وبیدار کریں گے۔

پاکستان کی نئی فوجی قیادت، سیاستدان اور حکمران دفاع کے مسئلہ پر ایک ہو جائیں۔ہم ضمانت دیتے ہیں کہ امریکہ دوبارہ ڈرون حملوں کی جرأت نہیں کریگا ،بھار ت نے مقبوضہ و آزاد کشمیر کی سرحد پر دیوار برہمن بنانے کی کوشش کی تو اسے ان شاء اللہ اپنے ہاتھوں سے گرائیں گے ، کشمیر کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

حکومت جیکب آباد کا اڈہ دوبارہ امریکہ کے سپرد کرنے کی کوشش کر رہی ہے‘ قوم اسے کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔

امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کھڑا کرنے اور فوج و عوام کو باہم تقسیم کرنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔نواز شریف قوم کے جذبات کا خیال رکھیں۔اگر امریکہ کو ڈرون حملوں سے نہ روکا گیا تو پھر لاہور بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ چیف جسٹس ڈرون حملوں میں بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت پر بھی سوموٹو ایکشن لیں۔حکمران کرزئی کے سامنے نہ جھکیں وہ کٹھ پتلی ہے۔

اتوار کو نیلا گنبد سے مسجد شہداء مال روڈ تک نکالے گئے دفاع پاکستان کارواں کے اختتام پر منعقدہ جلسہ عام سے دفا ع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید،جنرل (ر) حمید گل، سردار عتیق احمدخاں، مولانا فضل الرحمان خلیل،حافظ عبدالرحمان مکی، ابتسام الہی ظہیر،مولانا امیر حمزہ،مولانا عبدالروف فاروقی،قاری محمد یعقوب شیخ،مولانا سیف اللہ خالد،محمد نعیم بادشاہ،مرزا ایوب بیگ،مولانا ابو الہاشم،مولانا شمس الرحمان معاویہ، پیر اختر رسول قادری، امیر العظیم،حافظ طلحہ سعید،زاہد الرحمان،حافظ خالد ولید، مولانا رمضان منظور،مولانا محمد ادریس فاروقی،علی عمران شاہین،سید عبدالوحید شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پرمسجد شہداء مال روڈ پر طلباء، وکلاء، تاجروں ، سول سوسائٹی اور تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد موجود تھے۔مسجد شہداء سے نیلا گنبد تک ہر طرف سر ہی سر نظر آرہے تھے۔شرکاء کی جانب سے حافظ محمد سعید قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں اورڈرون حملے بند کرو کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ جلسہ عام سے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے نواز شریف سے امیدیں وابستہ کی تھیں کہ وہ ڈرون گرائیں گے اور قوم کو امریکی غلامی سے آزاد کروائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔

دفاع پاکستان کونسل سات ماہ کی خاموشی کے بعد اب پھر میدان میں آ چکی ہے۔اس فورم کا سیاست یا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کا غلام بن چکا ہے یہاں ایک طرف ڈرون حملے جاری ہیں تو دوسری طرف نیٹو سپلائی بھی نہیں روکی جا رہی۔ملک میں خود کش حملے ہو رہے ہیں۔پاکستان کی معیشت تباہ ہو چکی ہے ۔غربت کے باعث لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

ہماری منزل ڈرو ن حملے اور نیٹو سپلائی کی بندش نہیں بلکہ امریکہ کے تسلط سے آزادی اور اسکی غلامی سے نجات ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے ساتھ زمینی حملے بھی کئے جا رہے ہیں۔سانحہ پنڈی زمینی ڈرون ہے۔عالم کفر ہمیں لڑانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور روس کے آپس میں اختلافات ختم ہو گئے۔نیٹو میں پچاس ،ساٹھ ممالک ہیں اور وہ امت مسلمہ کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

ہم بھی انکا مقابلہ وحدت اسلام سے کر سکتے ہیں۔امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھار ت نے مقبوضہ و آزاد کشمیر کی سرحد پر دیوار برہمن بنانے کی کوشش کی تو اسے ان شاء اللہ اپنے ہاتھوں سے گرائیں گے۔ کشمیر کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور کشمیر کشمیریوں کا ہے۔ ہم نواز شریف کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ عوام میں آئیں جس نے انہیں ووٹ دیے ہیں۔

ان کے جذبات کا خیال رکھیں اور مشرق و مغرب سے دفاع کی ذمہ داری اداکریں ۔انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے و نیٹو سپلائی روکنے اوربھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر دیوار برہمن کی تعمیر کے اعلان کیخلاف ملک گیر تحریک مزید تیزکی جائے گی۔ قومی جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا اور پاکستانی عوام میں شعور بیدا ر کرنے کیلئے ملک کے کونے کونے میں جائیں گے تاکہ اتحاد و یکجہتی کے ذریعہ دفاع کی ذمہ داریاں ادا کی جاسکیں۔

بھارت سے ویزہ پر پابندیاں اور دوستیاں قبول کرنے کیلئے قوم تیار نہیں ہے۔ حکمران پاکستانی عوام کی طرح اپنے سینوں میں درد محسوس کریں۔ نواز شریف پاکستان کے دفاع کیلئے عوام کے قائد بنیں۔انہیں بہت بڑا مینڈیٹ ملا ہے لیکن اس وقت خبریں آرہی ہیں کہ جیکب آباد کا اڈہ دوبارہ امریکہ کے سپرد کیاجارہا ہے۔ قوم ایسا نہیں ہونے دے گی۔ دفاع پاکستان کونسل فوج، حکومت اور عوام سمیت تمام طبقوں میں اتحاد چاہتی ہے۔

ہم پورے ملک میں عوام کو منظم کریں گے اور انہیں اللہ کے دشمنوں کے مقابلہ کیلئے کھڑا کریں گے۔ نیٹو سپلائی روکنے کیلئے ہم سب کے ساتھ ہیں۔نواز شریف نے اوبامہ سے کہاکہ ڈرون پاکستان کی تباہی کی بنیاد ہے۔قوم جاننا چاہتی ہے کہ اس کے بعد آپ نے کیا عملی اقدامات کئے ہیں؟ ہم تحریک طالبان سے درخواست کرتے ہیں کہ اگر امریکہ نے ڈرون حملے کرتا ہے تو آپ یہ بات کہیں کہ ہم پاکستان کی حفاظت کا عہد کرتے ہیں۔

آپ دیکھ لیجئے گا کہ امریکہ ڈرون حملے بند کرنے پر مجبور ہو جائے گا کیونکہ ڈرون حملوں کے پیچھے اصل سازش ہی یہی ہے کہ ان حملوں کے نتیجہ میں خودکش حملے ہوں اور نشانہ پاکستان بنے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ امریکہ پاکستان سے اپنی شکست کا انتقام لینا چاہتا ہے۔ پاکستان کی نئی فوجی قیادت، سیاستدان اور حکمران دفاع کے مسئلہ پر ایک ہو جائیں۔

ہم ضمانت دیتے ہیں کہ امریکہ دوبارہ ڈرون حملوں کی جرأت نہیں کرے گا۔ اس کیلئے اتحاد سب سے بڑی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے ممبئی حملوں کی آڑمیں پاکستان اور یہاں کی جماعتوں کے خلاف بہت پروپیگنڈا کیا اور اپنے لئے راستے ہموار کئے۔مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے پانیوں کو روکنے کیلئے غیر قانونی ڈیم بنائے گئے۔ پاکستان کے عدالتی فیصلوں کو رد کیا گیا۔

وہ پاکستان کو بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے ۔ انڈیا کی وزارت داخلہ کے سینئر عہدیدار کے اس بیان کے بعد کہ ممبئی حملے خود انڈیا نے کئے ہیں۔ بھارت کو صاف کہہ دیا جائے کہ اب تمہارا کوئی ڈرامہ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ دفاع پاکستان اتحاد امت کی علامت ہے۔ امریکہ، انڈیا اور اسرائیل پاکستان کو اپنے لئے سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔ وہ کبھی راولپنڈی میں شیعہ سنی فسادات اور علاقائی سطح پر جھگڑے کھڑے کرنا چاہتے ہیں۔

فوج اور عوام کو لڑانے اور باہم تقسیم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل کا ایجنڈاتمام تنظیموں و جماعتوں سمیت پوری قوم کو متحد کرنا ہے۔ فوج ، سیاستدانوں اور عوام کو الگ رکھ کر یہ کام نہیں ہو سکتا۔سب کو اس سلسلہ میں ایک ہو جانا چاہیے۔ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا افغانستان جانا پاکستانیوں کو پسند نہیں آیا۔

اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور انتشار سے بچائے۔ دفاع پاکستان کونسل کی رابطہ کمیٹی کے کنونیر جنرل(ر) حمید گل نے کہا کہ ہم امریکہ و بھارت کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں۔انڈیا لائن آف کنٹرول پر جارحیت کر رہاہے تو دوسری طرف امریکہ افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ڈرون حملوں کو نہ روکا گیا تو لاہور بھی انکی زد میں ہو گا۔

جب قبائلی علاقوں میں نہ روکا تو امریکہ نے بندوبستی علاقوں میں حملے کرنا شروع کر دیئے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا ہے اب وہ اندرونی تخریب کاری کے ذریعہ ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے۔ڈرون حملے کر کے بدلے کی جنگ میں ہمارے ہی شہریوں کو خون میں نہلانا چاہتا ہے۔اور پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا چاہتا ہے۔اسلام آباد میں چوراسی ایکڑ مزید زمین امریکہ کو دے دی گئی اسی طرح پچا س ایکڑ لاہور میں دی جا رہی ہے۔

کیا پاکستان امریکہ کی کالونی ہے اور کیا آئندہ یہاں سے ڈرون گرا کر ہمیں نشانہ بنائیں گے۔جنرل(ر) حمید گل نے کہا کہ پاکستان امریکیوں کے دل میں کانٹے کی طرح کھٹکتا ہے۔اسکا اصل نشانہ یہی ملک ہے۔وہ ہمیں میدان جنگ سمجھتا ہے اور ہمارے حکمران انکے آگے بچھے جا رہے ہیں۔ہمارے وطن کو آج ہمارے خون کی ضرورت ہے۔ہمیں متحد ہو کر دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی ضرورت ہے۔

حکمران کرزئی کے سامنے نہ جھکیں وہ کٹھ پتلی ہے۔آپ قائد اعظم کی جماعت کے وارث ہیں اس طرح سے انہیں رسوا نہ کریں۔بھارت امریکہ کے سامنے جھکنے سے پہلے قوم کے وقار کو مد نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنا راستہ بدلیں۔ہمارے راستے جدا نہیں یکجا ہونے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ قوم نے چیف جسٹس افتخار چوہدری کا بہت ساتھ دیا تھا۔ڈرون حملوں میں پچاس ہزار شہادتیں ہیں۔

ساڑھے پانچ ہزار فوج کے جوان شہید ہوئے ہیں آپ اس پر سوموٹو ایکشن کیوں نہیں لیتے؟سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کہ شہہ رگ کشمیر میں دیوار تعمیر کرنے کے اعلانات کئے جا رہے ہیں۔آج مال روڈ پر لاکھوں لوگ پاکستان کا پرچم سر بلند کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔بھارت کی آٹھ لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔

تار بندی و اتنی بڑی تعداد میں فوج کے باوجود بھارت کا کشمیر پر ستر سالہ قبضہ ناکام ہو گیااور بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی دہشت گردی بھی ناکام ہو گئی۔یہ دیوار کب تک کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ویزہ پر پابندیوں میں نرمی سے پہلے بگلہار ڈیم اور سر کریک کا فیصلہ کریں۔چھ لاکھ کشمیریوں کی شہادت اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کی بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندر سے کھوکھلا کیا جا رہا ہے،اندرونی و بیرونی محاذ خطرے کی زد میں ہیں۔انہوں نے دفاع پاکستان کونسل سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیوار برہمن روکنے کے لئے کنٹرول لائن کی طرف مارچ کیا جائے۔انہوں نے حافظ محمد سعید قدم بڑھاؤ ہم تمھارے ساتھ ہیں کے نعرے بھی لگوائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت فوج کو ڈرون گرانے کا حکم دے۔

انصار الامة کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ اگر قوم کو ڈرون حملوں کے نقصان کا پتہ چل جائے تو لاکھوں کا مجمع یہاں نہیں بیٹھے گا بلکہ آگے چلے گا۔ہماری تباہی وبربادی میں مرکزی کردار ڈرون حملوں کا ہے۔حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل ڈرون گرانے کا دعویٰ کیا تھا مگر سات ماہ گزر گئے ڈرون نہیں گرائے گئے۔حکمرانوں کو دوہرا معیار سامنے آ چکا ہے،ہم اللہ کے غلام ہیں امریکہ کے نہیں۔

حکومت ڈرون حملوں و نیٹو سپلائی کے حوالہ سے ریفرنڈم کروا لے،پاکستان جغرافیائی طور پر آزاد ہے مگر نظریاتی طور پر نہیں۔ملک کو نظریاتی طور پر آزاد کروانے کے لئے قائدین کی آواز پر لبیک کہیں گے۔دفاع پاکستان کونسل اورجماعة الدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ امریکہ ونیٹوفورسز جنگ ہار چکے ہیں۔ان کی سیاست اب امت مسلمہ کی تقسیم اور اپنے ایجنٹوں کو خرید کرمسلمانوں کے خلاف سازشیں کرنا ہے۔

حکمران امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں نہ ڈرون گرانے کا حکم دیتے ہیں۔ وہ پہلے والی حکومت کا راستہ اختیار نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ایک طرف پاکستانی حکومت کو لالچ دیتا ہے تو دوسری طرف ایران سے تعلقات بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے تا کہ وہ اسے سپلائی کا متبادل روٹ دے۔ایران کو امریکہ کے دھوکہ میں نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کسی کا دوست نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی فی الفور بند کیا جائے۔جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ابتسام الہٰی ظہیر نے کہا کہ امریکہ و نیٹو فورسز کی طرف سے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا ہے۔پوری پاکستانی قوم اس وقت میدان عمل میں نکلنے کو تیار ہے۔حکمران جراتمندانہ فیصلے کریں اور دشمنان اسلام کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔

نیٹو سپلائی فی الفور روکی جائے وگرنہ عوام خود روکیں گے۔تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے کنوینر مولانا امیر حمزہ نے کہاکہ آج لاہور کے مال روڈ پر مولانا سمیع الحق کی قیادت میں دفاع پاکستان کونسل کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر موجیں دکھلا رہا ہے۔ہم ڈرون حملوں کے حوالہ سے حکومت کا ہاتھ مضبوط کرنے نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے ڈرون اڑا کر امریکی ڈرون گرائے۔

قوم حکومت کے ساتھ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ انڈیا دیوار برہمن کی تعمیر چاہتا ہے ۔حافظ محمد سعید اس دیوار کو گرائیں گے۔افغانستان میں بھی انڈیا کا کردار ختم ہو چکا ہے۔تحریک حرمت رسولﷺ کے جنرل سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ اگر ڈرون حملے نہ روکے گئے تو امریکیوں کے حوصلے مزید بڑھیں گے اور وہ پاکستان کے دیگر حصوں میں بھی ڈرون حملوں سے باز نہیں آئیں گے۔

اب اپیلوں سے بات نہیں بنے گی بلکہ دفاع پاکستان کیلئے قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالروف فاروقی نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کا آج کا کارواں ریفرنڈم ہے۔حکومت کو حمیت کا ثبوت دیتے ہوئے امریکی غلامی سے جان چھڑانی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی بند کرنے کا پہلا مطالبہ ہمارا تھا۔

آج جو میدان میں نکلے ہیں وہ دفاع پاکستان کونسل کے فیصلے کی تائید کر رہے ہیں۔متحدہ جمعیت اہلحدیث کے شیخ محمد نعیم بادشاہ نے کہ عظیم الشان کاروں و جلسہ کے انعقاد پر جماعة الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔آج کے کارواں نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔جب جماعة الدعوة نے واہگہ بارڈر کی طرف کارواں نکالا تھا لاہور کی تاریخ کا وہ سب سے بڑا اجتماع تھا مگر آج اسے بھی بڑے کارواں سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان کی عوام امریکی جارحیت کو کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں۔

دفاع پاکستان کونسل کے رہنماؤں مرزا ایوب بیگ،مولانا سیف اللہ خالد،مولانا شمس الرحمان معاویہ، پیر اختر رسول قادری،جمیل احمد فیضی ایڈووکیٹ، امیر العظیم،مولانا ابو الہاشم،حافظ طلحہ سعید،زاہد الرحمان،حافظ خالد ولید، مولانا رمضان منظور،مولانا محمد ادریس فاروقی،علی عمران شاہین،سید عبدالوحید شاہ و دیگر نے کہا کہ ڈرون گرائے جائیں اور نیٹو سپلائی فی الفور بند کی جائے۔