آر پار رہنے والے کشمیری اور پاکستانی محبت کے نہ ختم ہونے والے رشتوں میں بندھے ہیں‘راجہ حبیب اللہ خان

جمعرات 5 دسمبر 2013 14:18

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 دسمبر 2013ء) سابق پریس سیکرٹری صدر آزادکشمیر و سینئر صحافی راجہ حبیب اللہ خان نے کہاہے کہ آر پار رہنے والے کشمیری اور پاکستانی محبت کے نہ ختم ہونے والے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں کشمیریوں نے پاکستان کی خاطر سات لاکھ شہداء کی قربانی دی ہے اور پاکستان نے آزادی سے لے کر آج تک گزشتہ 66سالوں کے دوران کشمیر کو آزادکروانے کے لیے نہ صرف اقوام عالم میں تن تنہا جنگ لڑی ہے بلکہ کشمیر ہی کی خاطر پاکستان نے بھارت سے چار جنگیں لڑی ہیں ان خیالات کا اظہارانہوں نے سماجی و کاروباری شخصیت طارق محمود مہر کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

استقبالیہ تقریب میں سینئر صحافی کاشف رشید ،چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا ،چوہدری ساجد محمد ،حبیب صادق ،اصغر محمود،جنید انصاری و دیگر نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

راجہ حبیب اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے دورہ کے دوران انہیں محسوس ہوا ہے کہ مقبوضہ وادی میں رہنے والے کشمیری کشمیر اور پاکستان سے بے پناہ اور لازوال محبت کرتے ہیں کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کا یہ عالم ہے کہ جب کبھی بھی کرکٹ میچ میں پاکستانی ٹیم فتح حاصل کرتی ہے تو کشمیری پاکستانی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آتے ہیں راجہ حبیب اللہ خان نے کہا کہ طارق محمود مہر اور دیگر ساتھیوں کی پر خلوص محبت پر میں پر نم آنکھوں کے ساتھ دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور قلمی جہاد کاعزم رکھتے ہوئے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ کشمیر کی آزادی کے لیے قلمی مجاہدین اپنا جہاد جاری رکھیں گے تقریب کے موقع پر طارق محمود مہر ،ہمایوں زمان مرزا ،کاشف رشید ،جنید انصاری و دیگر نے راجہ حبیب اللہ خان کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے ۔

تقریب کے اختتام پر پر تکلف دعوت کا اہتمام کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :