سابق آرمی چیف اور سابق چیف جسٹس نے نئی راہیں متعین کر دی ہیں ، ہمیں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے ، وزیر داخلہ ، جنرل (ر)اشفاق پرویز کیانی اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کردار خراج تحسین کے لائق ہے ،چوہدری نثار علی خان

جمعرات 12 دسمبر 2013 17:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12دسمبر 2013ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف اور سابق چیف جسٹس نے نئی راہیں متعین کر دی ہیں ، ہمیں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے ، جنرل (ر)اشفاق پرویز کیانی اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کردار خراج تحسین کے لائق ہے ، خراج تحسین پیش کر نا چاہیے ۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کردار خراج تحسین کے لائق ہے ہمیں خلاف روایت رخصت ہونے والی شخصیات کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہئے، اس پرا ختلاف رائے ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے نامساعد حالات میں فوج کی عزت بحال کی اور اسے قومی ادارہ بنانے کے ساتھ ساتھ جمہوریت کے استحکام کیلئے کردار ادا کیا، انہوں نے منتخب نمائندوں کا احترام کیا وہ ایک محب وطن پاکستانی اور سچے و حقیقی سپاہی تھے،اچھے لوگوں کی تعریف کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے کہاکہ افتخار محمد چوہدری سے سیاسی جماعتوں اور دیگر شخصیات کا اختلاف ہو سکتا ہے مگر انہوں نے بطور چیف جسٹس کرپشن کے سدباب اور جمہوری استحکام کیلئے گر انقدر خدمات سرانجام دی ہیں، میں انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں دونوں شخصیات نے جو نئی راہیں متعین کی ہیں ہمیں اس میں مزید بہتری لانی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں امن و امان کے حوالے سے جمعرات کو بحث شروع کرانے کا فیصلہ ہوا تھا یہ بحث جمعہ کو بھی جاری رکھی جائے اور پیر کو بحث سمیٹی جائے۔