ٹیکسٹائل سپننگ ملز سے تیار ہونے والا یارن ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل کیلئے اہم ترین خام مال کادرجہ رکھتاہے ،خالد حبیب شیخ ، ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹ اسی صورت ہو گی جب صنعت چلے گی او رمال تیار ہو گا ، میڈیا سے گفتگو

پیر 16 دسمبر 2013 15:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16دسمبر 2013ء) آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے ریجنل چیئرمین خالد حبیب شیخ نے کہاہے کہ ٹیکسٹائل سپننگ ملز سے تیار ہونے والا یارن ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل کیلئے اہم ترین خام مال کادرجہ رکھتاہے پیر کو میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کادرجہ ملنے سے اربوں روپے کا فائدہ پہنچ سکتاہے تاہم یہ فائدہ اسی صورت ممکن ہے جب انڈسٹری کاپہیہ رواں دواں رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گیس و بجلی کے بد ترین بحران کے باعث صنعتیں بند ہونے سے اس سہولت کا کوئی فائدہ نہ مل سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹ اسی صورت ہو گی جب صنعت چلے گی او رمال تیار ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ مال اسی وقت تیار ہو گا جب صنعتوں کو گیس اور بجلی ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ صنعتیں بند ہونے سے اربوں روپے کے سپلائی آرڈرز بری طرح متاثر ہو رہے ہیں حتیٰ کہ کرسمس اور نیوایئر کے آرڈرز بھی مکمل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ بجلی وگیس کا بحران ختم کرنے کیلئے فوری سنجیدہ اقدام کرے ۔