قومی اسمبلی، عبدالقادر ملا کی پھانسی کیخلاف قرارداد منظور

پیر 16 دسمبر 2013 21:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16دسمبر۔2013ء) جماعت اسلامی کی قرارداد کی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مخالفت کی جبکہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے قرارداد کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنماء عبدالقادر ملا کی پھانسی کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ نے جماعت اسلامی کی قرارداد کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر ملا اور ان کی جماعت پاکستان کے ساتھ وفادار رہی۔ متحدہ پاکستان کے لئے آواز اٹھائی۔ عبدالقادر ملا متحدہ پاکستان کے ساتھ وفاداری نبھانے والا شخص تھا۔

(جاری ہے)

حکومت قرارداد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی عوام سے محبت کرتے ہیں، سانحہ پر دکھ ہوا۔ جماعت اسلامی کے بزرگ رہنماء عبدالقادر ملا کی پھانسی پر شدید تشویش ہے۔

بنگلہ دیش نے پاکستان کے ساتھ وفاداری نبھانے والے شخص کا عدالتی قتل کیا ہے۔ گڑے مردے اکھاڑنے کا فائدہ نہیں، ہم بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے لئے ایسا سوچتے ہیں کہ لگتا ہے ان 42 سالوں میں ہم نے کچھ نہیں سیکھا اور نہ ہی رویے بدلے ہیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ آج سے 42 سال پہلے ملک دولخت ہوا جس میں بوڑھے، بچے سب روئے تھے۔ ہم نے اس سانحہ سے سیکھا نہیں، ہمارے رویے تبدیل نہیں ہوئے، جمہوری پن نہیں دکھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تجزیے کی ضرورت ہے کہ ان 42 سالوں میں کیا کھویا کیا پایا؟۔