شمالی وزیرستان، میران شاہ میں امریکی طیاروں کا ڈرون حملہ، 4 افراد ہلاک

جمعرات 26 دسمبر 2013 11:36

شمالی وزیرستان، میران شاہ میں امریکی طیاروں کا ڈرون حملہ، 4 افراد ہلاک

میران شاہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26دسمبر 2013ء) شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں امریکی طیاروں کے ڈرون حملے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق امریکی جاسوس طیاروں نے میران شاہ کے گاؤں قطب خیل میں ایک گھر کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا اور اس پر 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ گھر بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا، ڈرون حملے کے بعد بھی امریکی جاسوس طیارے کافی دیر تک نچلی پرواز کرتے رہے جس سے علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھروں میں محصور ہوگئے۔

واضح رہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان اپنا مؤقف کئی موقعوں پر واضح کرچکا ہے کہ یہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف ہیں جبکہ اس کے خلاف بین الاقوامی سطح پر بھی آواز اٹھائی جاچکی ہے، گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں بھی اس کے خلاف قرارداد منظور کی گئی لیکن امریکا مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کی حدود میں ڈرون حملے کر رہا ہے جن سے اب تک دہشت گردوں کے ساتھ سیکڑوں بیگناہ افراد بھی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔