فوجی انخلا کے بعد امریکا سے تعلقات کا ازسر نو جائزہ لیں گے، سرتاج عزیز

جمعرات 26 دسمبر 2013 13:39

فوجی انخلا کے بعد امریکا سے تعلقات کا ازسر نو جائزہ لیں گے، سرتاج عزیز

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26دسمبر 2013ء) قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد اس کے ساتھ تعلقات کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔ بھارت سے اچھے تعلقات پہلی ترجیح ہیں، ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں فنڈز کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں قومی سلامتی سے متعلق تقریب سے خطاب کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ نائن الیون کے بعد تعلقات اب دو ہزار چودہ کے تعلقات میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

گزشتہ دس پندرہ برسوں میں عالمی سطح پر بہت تیزی سے تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داخلی سلامتی حکومت کیلیے بڑا چیلنج ہے، قومی سلامتی کی پالیسی سول حکومت بنا رہی ہے۔ سرتاج عزیزنے کہا کہ ملک کے وزیر خارجہ وہ ہیں، شہباز شریف یا کوئی دوسرا وزیر خارجہ پالیسی نہیں چلا رہا، دیگر وزراء کے بیرونی دورے ملکی مفاد میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کیلیے مالی مشکلات بڑا چیلنج ہے، امریکی پابندیوں کے باعث پائپ لائن منصوبے کیلیے مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ خارجہ پالیسی پر دفتر خارجہ کسی کنفیوژن کا شکار نہیں ہے، عبدالقادر ملا کی پھانسی بنگلہ دیش کا اندرونی معاملہ ہے اس بارے میں دفتر خارجہ کا موقف سفارتی آداب کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں انتخابی مہم چل رہی ہے، پاکستانی مصنوعات کے بائیکاٹ کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :