مقبوضہ کشمیر میں شدید برف باری ،پوری وادی سفید چادر میں لپٹ کر رہ گئی

بدھ 1 جنوری 2014 13:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں شدید برف باری ،پوری وادی سفید چادر میں لپٹ کر رہ گئی ، سری نگر میں منگل کی صبح دو انچ تک برف باری ہوئی ، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ، شاہراہیں بند ، دفاتر میں ملازمین کی حاضری نہ ہونے کے برابر ،کنگن میں چار افراد برفانی تودے کی زد میں آکر زخمی ، ایک کی حالت تشویشناک ۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پیر کی شب سے شروع ہونے والی برف باری رکنے کا نام نہیں لے رہی جس کے نتیجے میں پوری وادی سفید چادر میں لپٹ چکی ہے ، شدید برف باری کے باعث سرینگر جموں شاہراہ گاڑیوں کی آمد رفت کیلئے بند کردی گئی جبکہ وادی کا فضائی رابطہ بھی منقطع ہو کر رہ گیا۔ شہر سرینگرمیں منگل کی صبح جب لوگ نیند سے بیدار ہوئے تو انہوں نے برف کی سفید چادر سے اردگرد کے ماحول کو لپٹا پایا ۔

(جاری ہے)

پورے شہر سرینگر میں صبح کے وقت قریب دو انچ برف جمع ہو گئی تھی اور پھر دن بھر برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ برف باری کے نتیجے میں بازاروں میں چہل پہل نہیں تھی کیونکہ ٹریفک کی آمدورفت میں بھی خلل پڑا اور کئی سڑکوں پر ٹریفک جام دیکھنے کو ملا ۔سرکاری دفاتر میں بھی ملازمین کی حاضری کم رہی اور تجارتی و کاروباری ادارے بھی متاثر ہوئے۔ ادھر کنگن میں 4افراد برفانی تودے کی زد میں آکر زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔

شدید برف باری کے دوران مقامی افراد نذیر احمد چیچی ، منشی بجاڑ ،پرویز احمد بجاڑ، اور ریاض احمد بجاڑ گھر کے نزدیک جنگل سے لکڑیاں لانے کی غرض سے گئے تھے تو اس دوران وہ ایک برفانی تودے کی زد میں آگئے بعد میں مقامی لوگوں اور انتظامیہ نے چاروں افرد کو تودے کی زد سے نکال کر ٹرامہ ہسپتال کنگن پہنچایا جہاں سے ڈاکٹروں نے ریاض احمد بجاڑ کی حالت تشویشناک قراد دیتے ہوئے اسے صورہ منتقل کیا ۔

گاندربل ضلع میں بھی پیر کی شام سے برف باری جاری ہے سونہ مرگ میں نئی اور پرانی تین فٹ برف جبکہ گگن گیر میں ڈیڑھ فٹ ،کنگن اور گنڈ میں 8انچ ،افروڈہ میں ڈیڑھ فٹ برف جمع ہو گئی تھی ۔ان علاقوں میں منگل پورا دن برف باری کا سلسلہ جاری تھا اسی طرح ٹنگمرگ میں 7 انچ برف جمع ہو گئی تھی۔ گلمرگ روڑ بھی گاڑیوں کی آمد کیلئے بند کر دی گئی ۔کوکرناگ میں دو فٹ، ڈورو میں ڈیڑھ فٹ، ویری ناگ میں دو فٹ، آڑو میں تین فٹ برف جمع ہوئی تھی۔

برف باری کی وجہ سے اننت ناگ سے پہلگام ،کوکرناگ، ڈورو ،شوپیاں سڑکوں کے علاوہ ،شوپیاں سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو کر رہ گئیں ۔کولگام کے بالائی علاقے جن میں نندمرگ ، چمر ، اہربل، کنڈی مرگ شامل ہیں میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا اور ان علاقوں میں اڑھائی فٹ برف جمع ہو گئی تھی اسی طرح کولگام اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں ڈیڑھ فٹ برف جمع ہو گئی تھی ۔

کولگام میں نصف درجن گاڑیاں پھسلن کی وجہ سے سڑک سے لڑھک گئیں ۔ترال سے میں ڈیڑھ فٹ جبکہ اس کے گرونواح علاقوں میں دو سے اڑھائی فٹ برف جمع ہو گئی تھی۔ برف باری کی وجہ سے ترال نودل ، ڈاڈسرہ ، ترال بٹھ نور ،ناگ بل ، ستورہ ترال سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو کر رہ گئیں۔ اسی طرح کیرن کی پھرکیاں ٹاپ پراڑ ھائی فٹ ،مژھل کی زیڈ گلی پر 3فٹ برف جمع ہوئی تھی ۔

شدید اور موسلادھار دار برف باری کی وجہ سے کیرن اور مژھل علاقے وادی سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔کرناہ کی نستہ چھن گلی میں3فٹ ، میدانی علاقوں میں 7سے 8انچ برف جمع ہو گئی تھی۔شوپیان اور پلومہ میں بھی منگل کو برف باری ہو تی رہی شوپیاں کے بالائی علاقوں میں 2سے 3فٹ جبکہ میدانی علاقوں میں ایک فٹ برف جمع ہوئی تھی جبکہ پلوامہ قصبے میں 7انچ برف جمع ہو گئیتھیں ۔

سوپور اور بارہمولہ میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری تھااور ان علاقوں میں بھی 6سے 7انچ برف جمع ہو گئی تھی۔ بڈگام سے منیر ڈار نے بتایا کہ ضلع میں برف کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے بڈگام ضلع صدر مقامات سے صبح 9بجے برف ہٹائی گئی ۔تاہم چرارشریف ، کنی دیجن ، یوسمرگ سڑکیں ابھی بھی گاڑیوں کی آمد رفت کیلئے بند پڑی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :