بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں فوجی قبضہ محض خواب ہے ، عملی جامہ پہنانا کسی طور ممکن نہیں ،سید علی گیلانی

بدھ 1 جنوری 2014 13:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) چیئرمین حریت کانفرنس سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں فوجی قبضہ محض خواب ہے ، عملی جامہ پہنانا کسی طور ممکن نہیں ، جابر اور ظالم قوتوں کے آگے حق بات کہنا سب سے بڑا اور افضل جہاد ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے ربیع الاول کی آمد آمد پر مسلمانوں اور خاص طور ملت اسلامیہ کشمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تحریک حریت مقررین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہینے تصور آزادی، اسوئہ حسنہ کی روشنی میں عنوان کو اپنے خطابات کا مرکزی موضوع مقرر کریں اور انہیں جہاں بھی موقع ملے لوگوں کو سمجھائیں کہ حضور کا نوع انسانی پر سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ آپ نے بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ کی غلامی میں لایا اور انہیں درس دیا کہ دنیا کی جابر اور ظالم قوتوں کے آگے حق بات کہنا سب سے بڑا اور افضل جہاد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بعض کم فہم اور مصلحت پرست لوگ جدوجہد آزادی کو اقامت دین سے الگ کوئی کام تصور کرتے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم عوام کو قرآن وسنت کی روشنی میں سمجھائیں کہ زمین کے کسی خطے میں ایک وقت میں دو دین قائم ہو ہی نہیں ہوسکتے ہیں، لہذا جب تک جموں کشمیر پر بھارت کا فوجی قبضہ برقرار رہتا ہے، اقامت دین ایک خواب تو ہوسکتا ہے، البتہ اس کو عملی جامہ پہنانا کسی بھی طور ممکن نہیں ہے۔

بھارت کی غلامی سے نجات پانے کے لیے جدوجہد کرنا عین دین ہے اور یہ نماز اور روزے کی طرح مسلمانوں پر فرض ہے۔ اخباری بیان کے مطابق تحریک حریت تصور آزادی۔ اسوئہ حسنہ کی روشنی میں عنوان کے تحت مرکزی سطح پر بھی ایک سمینار کا انعقاد عمل میں لائے گی اور ربیع الاول کے پورے مہینے میں اس حوالے سے تمام اضلاع میں بھی اجتماعات اور تقریبات کا انعقاد ہوگا، جن میں علماکرام لوگوں کو اپنے زرین خیالات سے آگاہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :