مویشی منڈیوں کے تما م امور شفاف طریقے سے چلائے جائیں گے، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی‘شہبازشریف ،مویشی منڈیوں میں جانور لانے والے زمینداروں اور خریدنے والے صارفین سے فیس کے نام پر بھتے کی وصولی کا خاتمہ کیاجائے،صوبے بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیو ں کا خاتمہ کیا جائے ،صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل مویشی منڈیاں بنانے کا منصوبہ تیار کیا جائے،وزیراعلیٰ کی مویشی منڈیو ں کو جدید خطو ط پر چلانے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت ،کمیٹی 10روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی،مویشی منڈیوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے بزنس پلان تیار کیا جائے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی اجلاس میں ہدایت

بدھ 1 جنوری 2014 20:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ مویشی منڈیوں کی فیس کے نام پر بھتے کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا، منڈیو ں میں جانورلانے والے زمینداروں اور خریدنے والے صارفین سے فیس کے نام پر بھتے کی وصولی کا ہر صورت میں قلع قمع کیا جائے گا، مویشی منڈیو ں کے تمام امور شفاف طریقے سے چلائے جائیں،کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

وہ بدھ کے روز صوبے کی مویشی منڈیوں کے امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے ا علیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایم این اے افضل کھوکھر،معاون خصوصی لائیوسٹاک ارشد جٹ،انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری لائیوسٹاک،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لائیوسٹاک کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

لائیو سٹاک کو فروغ دے کر نہ صرف قومی معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے بلکہ غربت اور بے روز گاری میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مویشی پال کاشتکاروں کوبہترین سہولتیں فراہم کر کے لائیوسٹاک کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔پنجاب حکومت لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی اور مویشی پال زمینداروں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مویشی منڈیو ں میں زمینداروں او رصارفین سے فیس کے نام پر بھتے کی وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جا ئے گی۔مویشی منڈیوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔مویشی پال کاشتکاروں اور صارفین کی سہولت کے لئے بزنس پلان مرتب کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ز میں ماڈل مویشی منڈیاں بنانے کا منصوبہ تیار کیا جائے اور ماڈل مویشی منڈیوں کے لئے ڈئزائن کی تیار ی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے مویشی منڈیوں کو جدید خطو ط پر چلانے کے لئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی 10روز کے اندر حتمی سفارشات پیش کرے ۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے مویشی منڈیوں کے معاملات اور ماڈل مویشی منڈیوں کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی۔