نئے سال کے آغاز سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی فعال ہو گیا،فائدہ اٹھانے کے لئے پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ہو گا ، راولپنڈی چیمبر

جمعرات 2 جنوری 2014 14:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر شمائل داؤد آرائیں نے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی فعال ہو گیا ہے جس کا حقیقی فائدہ اٹھانے کے لئے پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ہو گا ۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ چھ ماہ میں ترقی کی رفتار سست رہی،مہنگائی اورافراط زر میں اضافہ ہواتاہم بدعنوانی کا کوئی بڑا سکینڈل سامنے نہیں آیا ۔

(جاری ہے)

سردیوں کی آمد کے ساتھ بجلی اور گیس نے عوام کے ساتھ آنکھ مچولی شروع کر دی ہے ،صنعتیں بند پڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی فعال ہو گیا ہے جس کا حقیقی فائدہ اٹھانے کے لئے پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ہو گا ،جس کے لئے توانائی بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہو گا ،چھٹی آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس میں تمام کاروباری برادری نے متفقہ طور پر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی منظوری دی ہے ،کاروباری برادری مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ، اچھے کام کو سراہا جائے گا غلط کام کی نشاندہی کی جائے گی۔