حماس کی صہیونی فوج کے ہاتھوں فلسطینی دانشوروں ،ممتاز قومی شخصیات کی اندھا دھند گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت

جمعرات 2 جنوری 2014 16:27

بیروت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء) حماس نے صہیونی فوج کے ہاتھوں فلسطینی دانشوروں ،ممتاز قومی شخصیات کی اندھا دھند گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض دشمن کے ظلم فلسطینیوں کو حق اور سچ کی آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتے۔ بیروت میں حماس کے سیاسی شعبے کے سینیئر رکن عزت رشق نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنیوالے دسیوں دانشوروں کو جیلوں میں ڈال رکھا ہے تاہم اس کے باوجود فلسطینی عوام کے دیرینہ حقوق کے مطالبات کیلئے اٹھنے والی آوازیں کمزور نہیں پڑیں گی۔

حماس رہنماء نے آٹھ روز تک صہیونی جیل میں انتظامی حراست میں رکھے گئے فلسطینی دانشور اور ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر مصطفیٰ الشنار کی رہائی پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینی دانشوروں کو چن چن کر جیلوں میں ڈال کرتشدد کا نشانہ بنا رہا ہے تاکہ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں کی زبانیں بند کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

عزت رشق نے کہا کہ صہیونی حکومت اور اس کے ریاستی اداروں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے حقوق کی آوازیں اٹھانے والوں کو دبانے میں مایوسی ہوگی۔ صہیونی دشمن فلسطینیوں کے قومی تشخص لئے قائدانہ کردار ادا کرنیوالوں کو جیلوں میں ڈال کر اپنے مذموم مقاصد پورے نہیں کرسکتا ۔حماس رہنماء نے صہیونی جیلوں سے رہا ہونے والے 26 فلسطینیوں کو بھی رہائی پر مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :