کراچی میں ایم کیو ایم کے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل، کارکنوں اور عوام کی آمد جاری

اتوار 5 جنوری 2014 13:26

کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے آج ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور جس میں شرکت کے لئے بڑی تعداد میں کارکنوں اور عوام کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں الہ دین پارک سے ملحق میدان میں جلسے کی تیاریاںمکمل کرلی گئی ہیں، ۔پنڈال میں وسیع اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس پررابطہ کمیٹی کے اراکین سمیت دیگر اہم ذمہ داران کےلئے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ خواتین اور میڈیا کے بھی الگ الگ پنڈال بنائے گئے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں اور اندرون سندھ کے شہروں سے آنے والے کارکنوں کی گاڑیوں کے لئے جگہ مخصوص کردی گئی ہے۔

جلسے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں، اس سلسلے میں پولیس اور رینجرز کے علاوہ ایم کیو ایم کے رضاکار بھی سیکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔آج کے جلسے میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جس کی وجہ سے کارکنوں اور عوام میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے اور لوگ جوق در جوق جلسہ گاہ میں پہنچ رہے ہیں۔