خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیداوار اور ضرورت میں زمین آسمان کا فرق ہے ،پرویزخٹک، اختیار صوبے کو مل جائے تو صوبائی خودمختاری کے تقاضے پورے ہونگے، صوبے کی ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں سنگ میل قدم ثابت ہو گا،وزیراعظم اور وزیر پانی و بجلی کو خطوط بھی لکھ چکے ہیں جنکے جواب کا ہمیں انتظار ہے ،وزیراعلی خیبرپختونخوا کاپشاورمیں قومی جرگہ کے وفد سے گفتگو

اتوار 5 جنوری 2014 19:44

خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیداوار اور ضرورت میں زمین آسمان کا فرق ہے ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیداوار اور ضرورت میں زمین آسمان کا فرق ہے جس کا اختیار اگر صوبے کو مل جائے تو نہ صرف آئین اور صوبائی خودمختاری کے تقاضے پورے ہونگے بلکہ یہ صوبے کی ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں سنگ میل قدم ثابت ہو گا اس مقصد کیلئے وہ وزیراعظم اور وزیر پانی و بجلی کو خطوط بھی لکھ چکے ہیں جنکے جواب کا ہمیں انتظار ہے اور ہم اپنے مرکز سے اچھے کی توقع رکھتے ہیں تاہم وزیراعلی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں جاری توانائی بحران کے پیش نظر بجلی کا استعمال احتیاط سے کریں اور بجلی چوری کی روک تھام میں واپڈا سے پورا تعاون کریں انہوں نے کہا کہ وارسک ڈیم سے قومی گرڈ میں بجلی کی خاطر خواہ پیداوار شامل ہوتی ہے اسلئے اس ڈیم کے متاثرین کی داد رسی بھی اتنی ہی ضروری ہے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں وہ کے پی سات سے رکن صوبائی اسمبلی محمود جان کی زیرقیادت خدمتگار قومی جرگہ کے ایک وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے علاقے کے بعض مسائل سے انہیں اگاہ کیا جن میں سرفہرست وارسک ڈیم کے متاثرین کے بجلی بل کے بقایاجات کا تھا وفد میں سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان، ارباب شہریار خان اور ارباب شماز بھی شامل تھے وفدنے بتایا کہ وارسک ڈیم کے اہل علاقہ نے میٹر نہیں لگوائے تاہم اگر انکے ذمے بھاری بھرکم بجلی واجبات میں رعایت کی جائے اور انکی رائلٹی سے منہا کیا جائے تو وہ نہ صرف بجلی میٹر لگوانے کو تیار ہیں بلکہ باقاعدگی سے بل بھی ادا کریں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسطرح کے اقدام سے اگر یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو کافی بہتر ہے جس کیلئے وہ پیسکو حکام سے بات کرکے یہ دیرینہ مسئلہ حل کرنے کی پوری کوشش کرینگے درایں اثناء رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کی زیرقیادت ایبٹ آباد کے وزراء اور ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے پشاور میں ملاقات کی اور علاقے میں ترقیاتی سکیموں کے اجراء اور اہل علاقہ کے بعض مسائل پر ان سے تبادلہ خیال کیا وفد میں صوبائی وزیر خوراک قلندر لودھی، مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی، ڈیڈک ایبٹ آباد کے چئیرمین سردار محمد ادریس، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار یعقوب، سابق ایم پی اے نثار صفدر اور سابق صوبائی وزیر امان اللہ خان جدون کے بیٹے علی خان جدون بھی شامل تھے وزیراعلیٰ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ علی خان جدون تحریک انصاف کے اصلاحاتی ایجنڈے اور تبدیلی کے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے سے متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ اس پارٹی میں شمولیت کے خواہشمند ہیں انہوں نے دورہ ایبٹ آباد کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد وہاں انکے درمیان ہونگے پرویزخٹک نے کہا کہ ہماری پارٹی منافقت کی سیاست سے سخت نفرت کرتی ہے ہمارے قائد عمران خان ملک میں جھوٹ اور فریب کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں ہم اس کی عملی تعبیر بنیں انہوں نے وفد کے پیش کردہ مسائل کے مناسب ازالے کا یقین دلایا اور واضح کیا کہ ہم اعلانات کی بجائے عملی کام پر یقین رکھتے ہیں اور کوئی بھی ایسا اعلان نہیں کرینگے جسے ہم عملی جامہ نہ پہنا سکیں۔