جلد پاکستان آؤنگی ،قوی امید ہے پرستار پرتپاک استقبال کرینگے،اب خیبر پختوانخواہ کی بہو ہوں ، وینا ملک

پیر 6 جنوری 2014 13:35

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جنوری 2014ء) اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ شادی ہو جانے کے بعد آئندہ فلموں میں کرداروں کے حوالے سے محتاط رہوں گی اور اب زیادہ کام ٹیلی وژن کیلئے کروں گی ، شوہر اسد خان کے ساتھ مل کر فلاحی کام کروں گی اور پاکستان کیلئے چیئرٹی شوز کرینگے ، میری شادی کے بعد سامنے آنیوالے سکینڈلز پیسے لیکر اچھالے جارہے ہیں اور ایسا کرنے والے دیوانے ہیں جبکہ وینا ملک کے شوہر اسدخان نے کہا ہے کہ مجھے اپنی اہلیہ کی شوبز سر گرمیوں پر کوئی اعتراض نہیں اور میں سکینڈلز اچھالنے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ جو کرنا ہے کر لو میں اس سے بہت پیار کرتا ہوں ۔

اپنے شوہر کے ہمراہ نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹر ویو میں وینا ملک نے کہا کہ 2014ء میں بھارت میں چار فلموں کے لئے معاہدہ کیا تھا لیکن اب میں نے پروڈیوسرز سے درخواست کی ہے کہ انہیں کچھ دیر کے لئے التواء میں رکھ دیا جائے ۔

(جاری ہے)

اب اپنے کرداروں کے لئے محتاط رہوں گی اور شوہر کی باہمی رضا مندی سے کردار منتخب کروں گی ۔ وینا ملک نے کہا کہ محمد آصف کی میری زندگی میں کوئی اہمیت نہیں میرا اس سے رشتہ صرف ہمدردی کا تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ 15دسمبر کو اسد سے ملاقات ہوئی اور 25دسمبر کو نکاح ہو گیا ، یکم جنوری کو مولانا طارق جمیل ہمارے گھر آئے اور انہوں نے ہمارے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب میرے بارے میں افواہیں سنتے تو میرے لئے دعائیں کرتے تھے اور دعا کرتے تھے کہ اللہ مجھے ہدایت بھی دے ۔ انہوں نے کہا کہ میں شوبز کی دنیا میں واحد پاکستانی اداکارہ ہوں جسے بھار ت میں پذیرائی ملی ، میں ایک جانی پہچانی شخصیت ہوں اور لوگ مجھے انتہا کا پیار اور انتہا کی نفرت بھی کرتے ہیں اور یہ میرے ساتھ نہیں ایسا شاہ رخ خان کے ساتھ بھی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پریشان سنگھ میرے پاس دس ہزار روپے ماہوا پر ملازم تھا ، کچھ دیوانے ہیں جو بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہے ہیں اور بہت سارے دعوے بھی کر سکتے ہیں لیکن انکے پیچھے کوئی حقیقت نہیں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں اللہ کے کتنی قریب ہوں یا میں اچھی یا بری ہوں یہ میرے اور میرے خدا کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا شوبز چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں البتہ آئندہ زیادہ کام ٹی وی پر کروں گی اور اسکے ساتھ اپنے شوہر کے ساتھ مل کر فلاحی کام کروں گی ۔

انہوں نے مختلف تنظیموں کی طرف سے دھمکیوں کے حوالے سے کہا کہ پاکستان میں کون سی ایسی شخصیت ہے جسے خطرہ نہیں ۔ مجھے کبھی دھمکیاں نہیں ملیں لیکن اب میں خیبر پختوانخواہ کی بہو ہوں اوراب ضرور تبدیلیاں آئیں گی ۔مجھے قوی امید ہے کہ میں جب پاکستان آؤں گی تو پرستار پرتپاک استقبال کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک فوجی کی بیٹی ہوں اور مجھ سے زیادہ کوئی حب الوطن نہیں ہو سکتا ۔ اسد نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان ، دبئی اور امریکہ میں رہیں گے لیکن واپس تو اپنے ملک ہی جانا ہے ۔ عنقریب امریکہ اور دبئی میں شادی کی تقریبات ہوں گی جسکے بعد میں اپنے آبائی شہر میں بھی شاد کی تقریب کا اہتمام کروں گا ۔

متعلقہ عنوان :