اسلام آباد سی ڈویژن فٹ بال لیگ میں ماڈل ٹاؤن کلب نے کیپیٹل کپ کو 3-1 سے ہرا دیا

پیر 6 جنوری 2014 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جنوری 2014ء) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جاری اسلام آباد سی ڈویژن فٹ بال لیگ میں ماڈل ٹاؤن کلب نے کیپیٹل کپ کو 3-1 سے ہرا دیا۔ جی سیون فور گراؤنڈ میں کھیلے گئے لیگ کے ایک اہم میچ میں وقفے تک کیپیٹل کلب کو ماڈل ٹاؤن کلب کے خلاف 1-0 گول کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں ماڈل ٹاؤن کلب نے تین گول کرکے مقابلہ 3-1 گول سے جیت لیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے نوید نے دو اور شوال نے ایک گول کیا جبکہ کیپیٹل کلب کی جانب سے واحد گول عون نے کیا۔میچ کمشنر کے فرائض عبدالوحید نے انجام دیئے ، میچ کے جیتنے کے بعد ڈپٹی ریفری کے فرائض انجام دینے والے قائد اعظم فٹ بال کلب کے سیکرٹری غلام رسول نے کیپیٹل کلب ذریعے ماڈل ٹاؤن کلب کے خلاف غیر رجسٹرڈ کھلاڑی کھلوانے پرپروٹیسٹ داخل کروا دیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعدماڈل ٹاؤن کلب کے آفیشلز اور کھلاڑیوں نے قائداعظم کلب کے سیکرٹری چوہدری غلام رسول کو ڈپٹی ریفری لگانے اور میچ کے دوران غیر جانب داری کا مظاہرہ کرنے پر میچ کمشنر سے احتجاج کیا اور کہا کہ کسی بھی کلب کا عہدیدار ٹورنامنٹ کا میچ نہیں کھیلوا سکتا۔جب اس سلسلہ میں میچ کمشنر عبدالوحید سے رابطہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ قائداعظم کلب کے سیکرٹری چوہدری غلام رسول کوریفری میں نے مقرر نہیں کیا بلکہ ریفری اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن اور ریفریز ایسوسی ایشن مقررہ کرتی ہے۔

بعد میں اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور میڈیا ترجمان سید ذاکرحسین نقوی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میچ میں ریفری ، اسلام آباد فٹ بال ریفریز ایسوسی ایشن مقرر کرتی ہے اور اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :