Live Updates

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کے دھرنے کے46روز مکمل ،منگل کو پی کے ون پشاور کے کارکنان نے دھرنا دیا،نواز شریف حکومت سے پہلے ڈرون پر کچھ اور کہتے رہے،اقتدار میں آنے کے بعد پھر امریکی غلامی میں جت گئے،ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کے دھرنے کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی،رہنماؤں کا خطاب

منگل 7 جنوری 2014 18:18

پشاور( پ ر۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) تحریک انصا ف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی دھرنے کو46روز مکمل ہو گئے ۔منگل کو دھرنے کے 46ویں روز تحریک انصاف پی کے ون پشاور نے دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دی ۔اس موقع پرپی کے ون کے ہدایت اللہ آفریدی،عرفان سلیم،بابائے دھرنا فیاض خلیل،اقلیتی رہنما ارنسٹ نہال و دیگر بھی موجود تھے جبکہ جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتھاد کے کارکنان بھی بدستور دھرنا کیمپ میں موجود رہے،دھرنے میں پی کے ون یوتھ سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

کارکنان نے اس موقع پر ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دھرنا ڈرون حملے بند ہونے تک جاری رکھیں گے اور کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بزدلی نے پاکستان کو مزید خطرات سے دوچار کر دیا ہے ۔نواز شریف اقتدار میں آنے سے پہلے ڈرون حملوں کے حوالے سے کچھ موقف اپنائے ہوئے تھے اور اب اقتدار میں آنے کے بعد ماضی کی طرح پھر امریکی غلامی میں جت گئے ۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت تحریک انصاف کے اس دھرنے کو نہیں ختم کر سکتی۔ڈرون حملوں کیخلاف نیٹو سپلائی روکنا ملکی مفاد میں ہے ۔ڈرون حملوں کی وجہ سے بد امنی مزید بڑھتی ہے اورنتیجے میں بیگناہ پاکستانی متاثر ہوتے ہیں ۔ڈرون حملے جاری رہنے کی صور ت میں نیٹو سپلائی کسی صورت ملکی مفاد میں نہیں ۔جب تک ڈرون بند نہیں ہونگے نیٹو سپلائی بند رکھیں گے ۔آج بدھ کو حلقہ پی کے ٹو پشاور کے کارکنان دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دینگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات