سعودی انوسٹمنٹ کمپنی اور پیمکو کے درمیان گوشت کی برآمد کے حوالے سے مذاکرات، مذاکرات کا اہتمام پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے کیا تھا ،سی ای او پیمکو نے سعودی وفد کو بریفنگ دی ،پاکستانی جانوروں کے گوشت کو ترجیح دینے کی ایک اہم وجہ ان کا اسلامی طریقے سے ذبح کیا جانا ہے‘عبداللہ ال دوبھیکی

منگل 7 جنوری 2014 21:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) پاکستانی جانوروں کے گوشت کی سعودی عرب برآمد کے حوالے سے سعودی ایگریکلچرل اینڈ لائیو سٹاک انوسٹمنٹ کمپنی اور پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی ( پیمکو)کے درمیان مذاکرات ہوئے جن کا اہتمام پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے کیا تھا۔سعودی کمپنی کے وفد کی قیادت صدر عبداللہ ال دوبھیکی نے کی۔

(پیمکو) کے قائم مقام سی ای او ممتاز خان منہیس نے اس موقع پر سعودی وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ادارے نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ سلاٹر ہاؤس قائم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی انوسٹمنٹ کمپنی کی طرف سے ریڈ میٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرنا خوش آئند ہے اور پاکستان ریڈ میٹ خصوصاً اونٹ کے گوشت کی وسیع پیمانے پر سپلائی کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی آب و ہوا یکساں ہونے کی وجہ سے پاکستانی اونٹ کا گوشت سعودی عرب میں استعمال کے لئے مناسب ترین ہے ۔سعودی ایگریکلچرل اینڈ لائیو سٹاک انوسٹمنٹ کمپنی کے صدر عبداللہ ال دوبھیکی نے کہا کہ گوشت کا اچھا ذائقہ جانور کو دی جانے والی خوراک پر منحصر ہوتا ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں بھی جانوروں کو وہی خوراک دی جاتی ہے جو سعودی عرب میں استعمال ہوتی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی جانوروں کے گوشت کو ترجیح دینے کی ایک اور اہم وجہ ان کا اسلامی طریقے سے ذبح کیا جانا ہے جو سعودی عرب کی ضروریات سے مطابقت رکھتا ہے ۔ دریں اثناء پنجاب بورڈ اف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے زیر اہتمام رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستا ن اور سعودی ایگریکلچرل اینڈ لائیو سٹاک انوسٹمنٹ کمپنی کے درمیان بھی مذاکرات ہوئے جس میں پاکستانی چاول کی سعودی عرب برآمدکے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عبداللہ ال دوبھیکی نے کہا کہ ان کی کمپنی نے پاکستان میں چاول اور ریڈ میٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے اور پاکستان کے ساتھ دیرپا تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :