ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن غلام رسول عوامی نے حقیقی نمائندہ ہونے کا ثبوت دیا ہے‘عبدالرؤف ‘ عبدالشکور

بدھ 8 جنوری 2014 12:53

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء)میرپور کے سب سیکرٹر اے فائیو کی ممتاز کاروباری وسماجی شخصیات عبدلراؤف اور عبدالشکور نے کہاکہ سیکٹر اے فائیو کی چھیاسٹھ سال سے بند نالیوں اور گندگی کے ڈھیروں کی صفائی کروا کر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن غلام رسول عوامی نے حقیقی نمائندہ ہونے کا ثبوت دیا ہے جس پر ہم ایڈمنسٹریٹر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میرپور ریاست جموں وکشمیر کا گیٹ وے اور ماتھے کا جھومر ہے تارکین وطن کے اس شہر کو جنوبی ایشیاء میں رول ماڈل بنانے کے لئے ایڈمنسٹریٹر غلام رسول عوامی کے عوام دوست اقدامات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کئی پہلوؤں واعتبار سے میرپور بین الاقوامی اہمیت کا حامل شہر ہے جس وجہ سے اس کی تعمیر وترقی اور خوبصورتی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مزید احسن اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اہلیان میرپور توقع کرتے ہیں کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن غلام رسول عوامی اور حکومت آزاد کشمیر اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے۔