Live Updates

سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے،عمران خان ،بدقسمتی سے طاقت ور کو این آر او مل جاتا ہے،اب بھی سابق صدرمشرف کو این آر او دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں،کراچی کے عوام نے تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیا ہے، محمود غزنوی کے حملوں کی طرح کراچی کا دورہ کروں گا،چیئرمین تحریک انصاف کی پلول ہاوٴس میں صحافیوں سے بات چیت

بدھ 8 جنوری 2014 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے ۔مستقبل میں پوری توجہ سندھ پر ہوگی ۔بدقسمتی سے طاقت ور کو این آر او مل جاتا ہے ۔اب بھی سابق صدر جنرل (ر)مشرف کو این آر او دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔جب تک قانون کی بالا دستی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرے گا ۔

ملک کو متحد کرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پلول ہاوٴس میں پارٹی کے مختلف شعبہ جات کے رہنماوٴں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تحریک انصاف مکمل طور پر تیار ہے ۔پارٹی رہنما اور کارکنان سندھ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بھرپور توجہ دیں ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔

عمران خان نے کہا کہ مستقبل میں پوری توجہ سندھ پر مرکوز کریں گے اور محمود غزنوی کے حملوں کی طرح کراچی کا دورہ کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔آئندہ انتخابات میں بھی عوام کے ووٹوں سے بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون اور انصاف کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ۔

ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا ہے جب تک یہاں قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ متحد ہو کر ہی ملک کو مسائل سے نکالا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے طاقت ور کو این آر او مل جاتا ہے اب بھی سابق صدر جنرل (ر)مشرف کو این آر او دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو سندھ بھرمیں مضبوط اور منظم کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات