سرینگر،بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کیخلاف پلوامہ میں مکمل ہڑتال کی گئی

جمعرات 9 جنوری 2014 15:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں کشمیری نوجوان وسیم یوسف ڈار کے قتل کیخلاف ضلع میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔اطلاعات کے مطابق تمام دکانیں اورکاروباری مراکزبند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔ شہید نوجوان کے والد محمد یوسف ڈار نے پلوامہ میں ایک انٹرویو میں کہا کہ میرا بیٹا بہت ذہین تھااور اس نے بارھویں جماعت میں امتیازی پوزیشن حاصل کی تھی۔

نوجوان کے نمازجناہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ، بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی ۔ جموں و کشمیر تحریک حریت کے رہنماؤں محمد یوسف مجاہد، غلام محی الدین اندرابی، عبدالحمید ماگرے ، محمد سعید اور شکیل احمد نے اونتی پورہ کے علاقے ڈوگرہ پورہ جا کر شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ تحریک حریت جموں و کشمیر کے ضلعی صدر غلام محی الدین اندرابی نے پڑھائی۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے اس موقع پر نماز جنازہ کے شرکا سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسیم جیسے نوجوانوں کی قربانیوں نے ہمیشہ تحریک آزادی کو ایک نئی جلا بخشی ہے ۔ انہوں نے غم زدہ خاندان سے اظہار تعزیت اور شہید نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور وہ کشمیری نوجوانوں کو تحریک آزادی سے دور رکھنے کے لیے یہاں اپنی ثقافت اور بے راہ روی کو فروغ دے رہا ہے مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں ہر گز کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کااظہار کیا۔