الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی مشاورت کے بغیر بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دی ہے ،ڈاکٹر سکندر میندھرو ، مشاورت نہ ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں بعض مسائل پیدا ہوسکتے ہیں،وزیر پارلیمانی امور سندھ کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 9 جنوری 2014 18:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) سندھ کے وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ حکومت کی مشاورت کے بغیر سپریم کورٹ میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات 23فروری کو کرانے کی تاریخ دی ہے ۔تاہم مشاورت نہ ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں بعض مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ۔الیکشن کمیشن ایک مرتبہ واضح طور پر سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے حتمی تاریخ دے ۔

وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز اور مشاوت نہ ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان صوبائی حکومتوں کی مشاورت کے بغیر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے عدالت میں از خود تاریخ دے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سپریم کورٹ میں 23فروری کی جو نئی تاریخ دی ہے اس تاریخ کے حوالے سے بھی سندھ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو خود پتہ نہیں کہ اسے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے کتنا وقت چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ دو مرتبہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دی ،ہزاروں امیدواروں نے دو مرتبہ کاغذات نامزدگی جمع کرائے تاہم اب تیسری تاریخ دی گئی ہے ،جن امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں اس حوالے سے بھی الیکشن کمیشن نے کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا کہ ان کاغذات نامزدگی کا کیا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن سندھ حکومت سے بلدیاتی انتخابات کے لیے مشاورت کرلیتا تو بہتر ہوتا ۔اب مشاورت کے بغیر تاریخ دینے سے 23فروری کو بلدیاتی انتخابات کرانے میں بہت سی دشواریاں پیش آسکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حتمی طور پر سپریم کورٹ کو آگاہ کرے کہ وہ مکمل تیاریوں کے ساتھ کب الیکشن کرائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمود غزنوی کی طرح حملے کرنے کی جو باتیں کررہے ہیں ان کو پتہ ہونا چاہیے کہ محمود غزنوی کا دور ختم ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب بٹوارہ کرنے کا نہیں بلکہ محبتیں تقسیم کرنے کا وقت ہے ۔