بنگلہ دیش میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے ، ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل سیکیورٹی ٹیم بھجوائیں گے ، پاکستان،پاک امریکہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ واشنگٹن میں ہوں گے ، پاکستان کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی کا سر کاٹنے کی بھارتی میڈیا کی رپورٹ مسترد کرتا ہے ،ملک میں دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لئے قوانین کو موثر بنایا جارہا ہے، جلد ہی سعودی وزیر داخلہ پاکستان کا دورہ کریں گے ، دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 9 جنوری 2014 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے ، ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل سیکیورٹی ٹیم بھجوائیں گے جس کی رپورٹ پر ہی کوئی فیصلہ کیا جائیگا ،پاک امریکہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ واشنگٹن میں ہوں گے ، پاکستان کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی کا سر کاٹنے کی بھارتی میڈیا کی رپورٹ مسترد کرتا ہے ،ملک میں دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لئے قوانین کو موثر بنایا جارہا ہے، جلد ہی سعودی وزیر داخلہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم نے کہاکہ پاک امریکہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ واشنگٹن میں ہوں گے جس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز پاکستان جبکہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری امریکہ کی نمائندگی کریں گے تاہم اس کے لئے تاریخوں کا تعین کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگلا ٹی 20 ورلڈ کپ مارچ میں بنگلا دیش میں ہونا ہے اس سلسلے میں بنگلادیش کی صورت حال کا جائزہ لیا جارہا ہے، ایونٹ سے قبل سیکیورٹی صورت حال کے جائزے کے لئے خصوصی ٹیم بھجوائی جائے گی۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی کا سر کاٹنے کی بھارتی میڈیا کی رپورٹ مسترد کرتا ہے، مخصوص حالات میں ایسی بے بنیاد رپورٹس آتی رہتی ہیں، واقعے کی تحقیقات کے لئے پاکستان نے مشترکہ یا غیر جانبدار ٹیم تشکیل دینے کی تجویزدی تھی جسے بھارت نے قبول نہیں کیا، ملک میں دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لئے قوانین کو موثر بنایا جارہا ہے، جلد ہی سعودی وزیر داخلہ پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدے ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کے رواں سال اپریل میں پاکستان کے دورے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی جیسا کہ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع مذاکرات کے عمل کی بحالی کے بارے میں تسنیم اسلم نے کہاکہ پاکستان طویل عرصے سے مذاکرات کی بحالی پرزوردے رہا ہے۔