Live Updates

ہماری پارٹی کے وکلاء پارٹی کی جدوجہد کا اہم ستون ہیں اور ان کے جذبے نے وکلاء تحریک میں ایک نئی جان ڈالی تھی،عمران خان ،تحریک انصاف کراچی کے کارکنوں کی قانونی مشکلات کے حل کے لیے لائرز ونگ کے وکلاء کا کردار قابل تحسین ہے ،وفد سے بات چیت

جمعرات 9 جنوری 2014 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کے وکلاء پارٹی کی جدوجہد کا اہم ستون ہیں اور ان کے جذبے نے وکلاء تحریک میں ایک نئی جان ڈالی تھی ، تحریک انصاف کراچی کے کارکنوں کی قانونی مشکلات کے حل کے لیے لائرز ونگ کے وکلاء کا کردار قابل تحسین ہے ، وکلاء اپنی جدوجہد جاری رکھیں پارٹی ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

وہ گزشتہ روز ریاض آفندی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں لائر ونگ کے ایک وفد سے ملاقات کررہے تھے ۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر وکلاء شجاعت علی خان ایڈووکیٹ ،انور کمال ، فوزیہ ناز، عمر حیات نیازی ایڈووکیٹ ، مختیار جونیجو ایڈووکیٹ ، مسرت ایڈووکیٹ ، عابد اکرم ایڈووکیٹ ، عتیق قریشی ایڈووکیٹ ، شہزاد ایڈووکیٹ ، طارق بن نظیر ، شاہد افسر اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائرز ونگ پارٹی کی قانونی مشاورت کے لیے اپنی ٹیم کو مزید فعال بنائیں تاکہ آئندہ آنے والے وقت میں کسی بھی تحریک کے دوران حکومتی قانونی حملوں اور پیچیدگیوں سے پارٹی کارکنوں کو محفوظ رکھا جاسکے ، انہوں نے لائرز ونگ کے وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کارکنوں کو درپیش قانونی مشکلات اور عدالتی معاملات میں ان کی معاونت کریں تاکہ کسی بھی مشکل موڑ پر کارکنوں اور ان کے اہلخانہ کو مشکلات سے بچایا جاسکے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات