انسانیت کی خدمت کرنے والوں کا قتل گمراہ کن ہے، صدر پاکستان

ہفتہ 11 جنوری 2014 17:07

انسانیت کی خدمت کرنے والوں کا قتل گمراہ کن ہے، صدر پاکستان

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلام امن و آشتی اور انسانی جانوں کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔ انسانیت کی خدمت کرنے والوں کا قتل گمراہ کن ہے۔ علماء انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنائیں۔ صدر ممنون حسین کے پہلے دورہ پشاور کے موقع پر گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے ان کااستقبال کیا۔

گورنر ہاوس میں صدر ممنون حسین کو انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ علماء اور خطیب انسداد پولیو کیلئے عوام میں شعور اُجاگرکریں اور متحد اور منظم ہو کر انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کیلئے جید علماء کے فتوؤں پرمشتمل پمفلٹ شائع کیے جائیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے انسداد پولیو کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس سے پہلے صدر مملکت کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ فاٹا میں پولیو کے انہتر کیسز سامنے آئے ہیں۔ انتہا پسندی کی وجہ سے فاٹا میں انسداد پولیو مہم متاثر ہوئی ہے اور انسداد پولیو مہم میں رکاوٹ کی وجہ سے کیسز میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم کو موثر بنانے کیلئے باون ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ٹیمیں بس اڈوں اور چیک پوسٹوں پر بھی تعینات کی گئی ہیں۔

پاک افغان سرحد پر بھی تین مقامات پر ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے گورنر انجینئر شوکت اللہ نے پشاور میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فاٹا میں ترقیاتی سر گرمیوں اور مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستوں اور سرحدی امور کے وزیر عبدالقادر بلوچ اور وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ریاستوں اور سرحدی امور کے وزیر عبدالقادر بلوچ بھی صدر مملکت کے ہمراہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :