Live Updates

انتہا پسندی کے خاتمے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے سرمایہ کاری کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے‘ شہباز شریف ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کی بدولت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکررہے ہیں،پاکستان دنیا کا خوش قسمت ملک ہے جس کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ،نوجوانوں کو بااختیار بنا کرترقی کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں،وزیراعظم کی قیادت میں شروع کی گئی یوتھ لون سکیم کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے،پنجاب حکومت نے بھی نوجوانوں کی ترقی کیلئے متعدد پروگرام ترتیب دےئے ہیں،نوجوانوں کی ترقی کیلئے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ سود مند سرمایہ کاری ہے ‘ وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف کی (ن) کے یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو

اتوار 12 جنوری 2014 15:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ،ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہا رکررہے ہیں، غربت،بے روزگاری،انتہا پسندی کے خاتمے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے سرمایہ کاری کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے،سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ملک کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کی مصنوعات کویورپ کی منڈیوں میں درآمدی ڈیوٹی کے بغیر رسائی ملے گی جس سے پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگااوریورپی ممالک سے اقتصادی اور معاشی تعلقات مستحکم ہوں گے، پاکستان دنیا کا خوش قسمت ملک ہے جس کی بڑی آبادی کا حصہ نوجوانوں پرمشتمل ہیں، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں بااختیار بنا کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبا ز شریف نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک وقوم کے مستقبل کو تابناک بنایا جاسکتا ہے۔وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے یوتھ لون سکیم کے نتیجہ خیز پروگرام کا آغاز کیا ہے۔

وفاقی حکومت کا یہ ایک ایسا مستحسن پروگرام ہے جس سے آنے والے وقتوں میں ملک کی ترقی پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ لون سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جارہے ہیں جس سے وہ اپنا کاروبار شروع کر کے نہ صرف اپنے خاندان کی کفالت کر سکتے ہیں بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا بھر پوراورموثر کردارادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بھی نوجوانوں کی فلاح اور ترقی کے لیے متعدد پروگرام مرتب کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خود روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب روزگار بنک کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات سے دوچار ہونہار طلباء و طالبات کو پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے تعلیمی پیاس بجھانے کے لیے وظائف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اوراس فلاحی پروگرام سے 50ہزار سے زائد طلباء و طالبات مستفید ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں اس تعلیمی فنڈ سے لاکھوں غریب ہونہارطلباء و طالبات مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے اس پروگرام میں پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخواہ ،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور فاٹہ کے طالبعلموں کو بھی شامل کیا گیا ہے جس سے وطن عزیز کی تمام اکائیوں میں روابط بڑھ رہے ہیں اورقومی یکجہتی کا عمل مستحکم ہورہا ہے اسی طرح طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے پروگراموں میں بھی پاکستان بھر کے نوجوانوں کو شامل کیا جاتا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے تحت 20ہزار نوجوانوں کو نجی صنعتی و کارپوریٹ اداروں میں تربیت دلانے کا انقلابی پروگرام ترتیب دیا ہے اوردوران تربیت انہیں 12ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے اوربااختیار بنانے کے لیے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ سود مند سرمایہ کاری ہے ،اسی مقصد کے تحت پنجاب حکومت نے گذشتہ پانچ برسوں کے دوران نوجوانوں میں ساڑھے آٹھ ارب روپے کی لاگت سے میرٹ اور صرف میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور پنجاب کے ساڑھے چار ہزار ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کی گئیں۔

حکومت پنجاب کے ان پروگراموں سے نوجوان دنیا کے بدلتے ہوئے حالات اور نت نئے رجحانات سے آگاہ ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ان سکیموں سے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور آئی ٹی کے شعبے میں انقلاب برپا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ سے وابستہ ہے۔آئی ٹی کو فروغ دےئے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے۔

حکومت نے آئی ٹی کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔پاکستان کی پہلی آئی ٹی یونیورسٹی ارفع کریم سافٹ وےئر ٹیکنالوجی پارک میں قائم کی گئی ہے جہاں تین سو سے زائد طلبا ء و طالبات آئی ٹی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ یونیورسٹی کا نیا کیمپس جلد قائم کیا جائے گاجہاں ہزاروں طلباء مختلف علوم میں تعلیم حاصل کرسکیں گے۔وفد نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے اورجدید علوم سے آراستہ کرنے کے حکومت پنجاب کے پروگراموں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ یقینانوجوان ان سکیموں سے فائدہ اٹھا کر ملک کی تعمیرو ترقی میں اپنا بھر پور حصہ ڈالیں گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات