ملک بھرمیں عیدمیلاد البنی منگل کو منائی جائیگی،شہروں میں جشن کاسماں،اہم وفاقی وصوبائی عمارتوں ،جلوس کی گزرگاہوں اورمساجد کو برقی قمقموں سے سجادیاگیا

اتوار 12 جنوری 2014 20:48

اسلام آباد/کراچی/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) ملک بھر میں جشن عیدمیلاد البنیﷺ (منگل کو)منائی جائیگی اس حوالے سے ملک کے تمام بڑے شہروں میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ،اہم وفاقی وصوبائی عمارتوں ،جلوس کی گزرگاہوں اورمساجد کو برقی قمقموں سے سجادیاگیا،تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ،میلاد شریف کے جلوس کی گزرگاہیں برقی قمقموں سے سجادیں گئیں ،بازاروں کو انتہائی خوبصورتی سے سجانے کے علاوہ مختلف مقامات پر تزئین و آرائش سے آراستہ دروازے بنائے گئے ہیں۔

وفاقی اورصوبائی دارلحکومت کے اہم دفاتر کو بھی انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے ،میلاد البنی کی تیاریاں اور محافل کے انعقادمیں بڑے ہی نہیں بچے بھی جوش وخروش سے حصہ لے رہے ہیں، ہر عمر کے افراد چاہت کا والہانہ اظہار کر رہے ہیں،شمع رسالت کے پروانے ننھے منے بچے بھی گھروں، اور محلوں کو سجانے میں مگن ہیں ۔

(جاری ہے)

بچوں کے دلوں میں اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا جذبہ ان کے چہروں سے عیاں ہے۔ہلال ربیع الاول نوید مسرت بن کرآتاہے اورمحبان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قلوب و اذہان محبت و مسرت سے لبریز ہو جاتے ہیں،اس ماہ ذی شان میں مصطفی جان رحمت پر درود وسلام کاجتنا وِرد کیا جائے باعث برکت ہے۔

متعلقہ عنوان :