بین الاقوامی دنیامسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے،چوہدری عبدالمجید

پیر 13 جنوری 2014 15:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے بین الاقوامی دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اقوام عالم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ وزیر اعظم نے اقوام عالم سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرائے اور بھارت کو طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے سے باز رکھے۔

وزیر اعظم نے امن پسند دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ برصغیر جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام اور خوشحالی کیلئے کشمیر کا مسئلہ حل کرائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کا مستقل امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت نے آر پار کی سیاسی قیادت کی مشاورت سے جامع حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے اور کشمیر ایشو کو فوکس کر رکھا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے ختم کرنے کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کامیاب ہو کر رہے گی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر یہاں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم میاں عبدالوحید، وزیر برقیات فیصل راٹھور، وزیر اعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام گزشتہ 66 سالوں سے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد شروع کر رکھی ہے۔ وہ منزل کے حصول تک جاری رہے گی۔ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو سرد نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیری عوام نے حق خودارادیت حاصل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی قابض فوج، کالے قوانین کے نفاذ، حریت قیادت کی نظر بندی، نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنک اور خواتین اور بچوں پر مظالم اور زیر حراست ہلاکتیں ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد ختم نہیں کر سکتیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے اور اب کشمیری عوام کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے اقوام عالم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے۔ طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کشمیری عوام حق خودارادیت کی منزل کے حصول تک کشمیریوں کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔ حق خودارادیت کی جدوجہد میں چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں نے لہو دیا۔ کشمیری شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جا سکتا۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے۔ کشمیریوں کی تحریک جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔