پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ سے دنیا کی کایا پلٹ دی‘ شہبازشریف

پیر 13 جنوری 2014 15:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ الله تعالیٰ نے حضرت محمد کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ، محسن انسانیت کی بعثت بہت بڑی نعمت ہے، حضور کی ولادت باسعادت سے قبل جہالت کا دور دورہ تھا ، ظلمت کے سیاہ بادلوں نے پورے عرب کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا اور الله تعالیٰ نے اپنے سب سے پیارے اورمحبوب پیغمبر حضرت محمد کو دنیا میں بھیج کر انسانیت پر احسان عظیم فرمایا، حضور نے اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کی بدولت مختصر مدت میں دنیا کی کایا پلٹ دی۔

آپ نے پوری انسانیت کو بھائی چارے، یگانگت، اخوت، محبت اور امن کا لافانی پیغام دیا۔عید میلاد البنی کے موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ آپ کا اسوہ حسنہ عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔

(جاری ہے)

آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا او رآخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے اور حقیقی فلاحی معاشر ہ تشکیل دیاجا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام نے تمام بنی نوع انسان کو امن و آشتی ، اخوت ، احترام انسانیت، مساوات ، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے۔

حضور اکرمنے عفوو درگذر کی ا یسی اعلیٰ مثالیں قائم کیں جن کی دنیا کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔ آپکے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نبی پاک کی ولادت باسعادت کا بابرکت دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے۔ بد ا منی ، لاقانونیت اور دہشت گردی کی آگ میں جلتی انسانیت کو آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی امن وسکون مل سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ عید میلاد النبی کے بابرکت موقع پر ہمیں ملک کی تعمیر و ترقی ، بقاء ، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں اوراس پرمسرت موقع پر جذبہ ایمانی سے سرشار ہو کر محنت، لگن ، دیانت کو شعار بناکر جہد مسلسل کا عہد کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :