عبدالقادر ملا کی قاتل حسینہ واجد کو حکومت پاکستان ہرگز مبارکباد نہ دے‘ جماعت اسلامی پنجاب

پیر 13 جنوری 2014 15:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنما عبدالقادر ملاکو پھانسی دینے والی بنگلہ دیشی وزیر اعظم حسینہ واجدکو حکومت پاکستان ہرگز مبارک باد نہ دے۔ حسینہ واجدنے اپوزیشن کے رہنماؤں اور ہزاروں کارکنوں کو جیل میں ڈال کر جعلی مینڈیٹ حاصل کیا ہے۔

یورپی یونین اور دیگر ممالک بھی بنگلہ دیش کے انتخابات کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہارکررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حسینہ واجد نے اپنی کامیابی کے لئے عبدالقادر ملا کو تختہ دار پر چڑھایااور ابھی وہ بھارت کی شہ پر متحدہ پاکستان کے کئی مزید وفاداروں کو پھانسی کی سزادینی چاہتی ہے۔ حسینہ واجد نے اپنے باپ شیخ مجیب الرحمان کے انجام سے سبق نہیں سیکھا۔

بنگلہ دیش کے عوام نے ایسے غیر منصفانہ الیکشن کو تسلیم نہیں کیااور سراپااحتجاج ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت عالمی برادری بنگلہ دیش میں متحدہ پاکستان کے وفاداروں کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز سلوک کا نوٹس لے۔بنگلہ دیشی حکومت کو مجبور کیا جائے کہ وہ نام نہاد ٹربیونل کے ذریعے سیاسی انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ بند کرے۔