سپریم کورٹ،بھارتی قید میں پاکستان ماہی گیروں پرحکومتی رپورٹ مسترد ، تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم ، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور میری ٹائم سیکیورٹی حکام پر مشتمل تین رکنی ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا ، ڈپٹی اٹارنی جنرل

پیر 13 جنوری 2014 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) سپریم کورٹ نے بھارت میں قید پاکستانی ماہی گیروں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے پیش کی گئی ایک صفحہ پر مشتمل رپورٹ مسترد کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ پیر کو عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے چیف جسٹس تصدق کی سربراہی میں کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت وفاق کی جانب سے بھارت میں قید پاکستانی ماہی گیروں سے متعلق ایک صفحہ پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی جو عدالت نے مسترد کردی۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرائی جائے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ بھارت میں 226 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں، پاکستان کی جانب سے337 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا گیا ۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزارت خارجہ کا ماہی گیروں کی رہائی کے حوالے سے بھارتی حکام سے رابطہ ہوا ہے جس میں بھارت نے مثبت جواب دیا ہے۔ شاہ خاور نے بتایا کہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور میری ٹائم سیکیورٹی حکام پر مشتمل تین رکنی ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔ کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی گئی۔