سابق اسرائیلی وزیراعظم شیرون کی سخت سیکورٹی میں فوجی اعزاز کیساتھ تدفین،ہزاروں شہریوں نے آخری دیدارکیا،کابینہ کی ایک منٹ کیلئے خاموشی،شیرون کی خدما ت کو ہمیشہ یادرکھا جائیگا،نیتن یاہو

پیر 13 جنوری 2014 22:03

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایریل شیرون کوانتہائی سخت سیکورٹی میں فوجی اعزاز کے ساتھ دفن کردیا گیا ،تدفین سے قبل ہزاروں شہریوں نے ان کا آخری دیدار کیا، قبل ازیں وزراء نے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے دوران اپنے گیارہویں وزیراعظم کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی،جبکہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہاہے کہ شیرون کا شمار ہمارے دلیر کمانڈروں اور عظیم رہنماوٴں میں ہوتا ہے اور وہ اسی حیثیت سے یہودی عوام کے دِلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایریل شیرون کی آخری رسومات پیر کو اداکردی گئیں،انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ مزرعہ الجمیز میں دفن کیاگیاجو جنوبی صحرائے نقب میں ہے، ان کا جنازہ پارلیمنٹ سے وہاں لے جایاگیا، راستے میں یروشلم کے جنوبی علاقے لطرون میں ایک عسکری یادگار پر بھی کچھ دیگر کے لیے جنازہ رکھاگیا، یہ وہ مقام ہے جہاں 1948ء کی جنگِ آزادی کے دوران شیرون زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ علاقہ غزہ کی شمالی سرحد کے قریب ہے، فلسطینیوں کے قتل عام سے ”قصاب“ اور”بلڈوزر“ جیسے القابات پانے والے اسرائیلی رہنما کی تدفین کے موقع پر راکٹ حملے سے بچنے کیلئے اسرائیل نے فلسطینی عوام کے سب سے بڑے قاتل اور جنگی جرائم میں مطلوب رہنے والے سابق وزیر اعظم ایریل شیرون کی تدفین کے موقع پر آئرن ڈوم نامی دفاعی میزائل سسٹم تعینات کیا ،اس مقصد کے لیے اسرائیلی فورسز نے میزائل بیٹریز کی پوزیشن میں بھی تبدیلی کر لی ۔

متعلقہ عنوان :