ہمیں اسلامی قوانین کو اپناتے ہوئے علاقائی ، گروہی اور فرقہ وارانہ فسادات یکسر ختم کرنا ہونگے ‘وزیر قانون اظہر حسین گیلانی

بدھ 15 جنوری 2014 14:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) آزادکشمیر کے وزیر قانون اظہر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں اسلامی قوانین کو اپناتے ہوئے علاقائی ، گروہی اور فرقہ وارانہ فسادات یکسر ختم کرنا ہونگے ، پوری دنیا کے مسلمانوں کے نزدیک12 ربیع الاول کے مقدس یوم کی اہمیت ہمیشہ کی طرح بہت زیادہ ہے ، آپ کی شخصیت انسانیت کی معراج سے بھی بہت بلند ہے ، مسلمانوں کواسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ناموس رسالت ﷺ اور اپنے دین کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا ہو گا ۔

عید میلاد النبی کے موقع پر انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12ربیع الاول کا وہ مقدس دن ہے جب تاجدارمدینہ،فخر موجودات ،رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی ۔حضور اکرم ﷺ کی آمد سے سارا عالم جگمگا اٹھا ‘محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ اس وقت دنیا میں تشریف لائے جب تمام دنیا کے انسان جہالت،پستی اور کفر کے اندھیروں میں ڈوبے ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

اخلاق ،شائستگی اور تہذیب سے ناواقف تھے جائز ناجائز ،حلال حرام ،شائستہ ناشائستہ کی تمیز سے وہ نا آشنا تھے ۔قتل ،خون ریزی اور ہر برائی انکی زندگی کے معمولات تھے۔خدائے عظیم و بزرگ و برتر کو اہل زمین کی اس پستی اور زبوں حالی پر رحم آیا اور اس نے ان کی ہدایت کے لیے اپنے برگریدہ بندے حضرت محمد مصطفی ﷺ کو معبوث فرمایا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسوہ رسول ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی نہ صرف ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں بلکہ اسلام کے خلاف مغرب کی جانب سے ہونے والے مزموم پراپیگنڈے کا موثر جواب بھی دے سکتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی ممالک آپس میں اتحاد اور اتفاق کا بھرپور مظاہرہ کریں تا کہ مسلمان اس وقت جس آزمائش میں مبتلا ہیں اس سے سرخرو ہو سکیں۔