پارلیمنٹ مشرف کے 12اکتوبر کے اقدام کو تحفظ دے چکی ،انکی تمام بیماریوں کا علاج پاکستان میں ممکن ہے ‘ خواجہ سعد رفیق

بدھ 15 جنوری 2014 15:31

پارلیمنٹ مشرف کے 12اکتوبر کے اقدام کو تحفظ دے چکی ،انکی تمام بیماریوں ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے 12 اکتوبر 1999 ء کے اقدام کی پارلیمنٹ نے توثیق کی تھی اس لئے اس اقدام پر مشرف پر ٹرائل نہیں ہوسکتا ‘مشرف کے معاملے پر حکومت نہ تو انہیں کوئی رعایت دے گی نہ کسی قسم کی ڈیل کرے گی اور جو خفیہ لوگ ان کے لئے ہمدردی رکھتے ہیں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا‘پرویزمشرف کی تمام بیماریوں کا علاج پاکستان میں ہو سکتا ہے ،ان کو کبھی سر اور کبھی پیٹ میں درد کیوں اٹھتاہے یہ صرف سزا سے بچنے کے لئے بہانے کر رہے ہیں ‘ جب اس ملک کے وزیر اعظم کوسزاہو سکتی ہے تو سابق آرمی چیف کو سزا کیوں نہیں ہوسکتی‘ملک کی ترقی کے لئے قانون کی بالادستی نا گزیر ہے ‘ پاک فوج کی ساکھ کو سب سے زیادہ نقصان پرویز مشرف نے پہنچایا ‘محکمے کے افسران اور مزدور کی دن رات کی محنت کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ، کسی بھی محکمے میں جب تک کرپشن کے آگے بند نہیں باندھاجائیگا وہ ترقی نہیں کرسکتا اور ریلوے میں تمام معاملات شفاف بنیادوں پر چلائے جارہے ہیں ، آج بھی اپنے اس موقف پر قائم ہوں کہ اگر ریلوے کواپنے پاؤں پرکھڑا نہ کرسکوں تومجھے اس عہدے پررہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو اورایک انٹرویو میں وزیر ریلوے نے کہا کہ پرویز مشرف کا اب فوج سے کوئی تعلق نہیں وہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں ۔ان کو اب فوج کے ساتھ جوڑنا درست نہیں۔ پارلیمنٹ 12اکتوبر کے اقدام کو تحفظ دے چکی ہے اس لئے اب 12اکتوبر 1999ء کے اقدام پرپرویز مشرف کے خلاف اقدام نہیں ہو سکتا ۔ پرویزالٰہی کون سی عوام کے نمائندے ہیں جو پرویز مشرف کا ساتھ دے رہے ہیں ۔

ملک کو سیکولر بنانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیاجائے گا ۔ پرویز مشرف سے ہمدردیوں کے بہانے ڈھونڈنے والے ناکام ہوں گے۔حکومت پرویز مشرف کے معاملے میں کسی بھی معاملہ فہمی یا ڈیل کو ترجیح نہیں دے گی۔ پرویز مشرف قوم کے مجرم ہیں اور انکا معاملہ عدالت میں ہے ۔ پرویزمشرف کا میرٹ پر ٹرائل ہو رہا ہے انہیں عدالت کا سامنا کرنا چاہیے ۔ پرویز مشرف کی تمام بیماریوں کا پاکستان میں علاج ممکن ہے انہیں بیرون ملک نہیں بھجوایا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ فوج کی ساکھ کو پرویز مشرف سے زیادہ کسی اور نے نقصان نہیں پہنچایا، کارگل کے ذریعے مشرف نے پاکستان کو جنگ کی جانب دھکیل دیا، اکبر بگٹی کو قتل اور لال مسجد جیسے آپریشن بھی کئے جس نے ملک میں نسلی تعصب اور فرقہ واریت کو ہوا دی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی والدہ پاکستان آنا چاہیں تو حکومت انہیں نہیں روکے گی حالانکہ پرویز مشرف نے نواز شریف کو والد کی تدفین کے لئے بھی وطن نہیں آنے دیا تھا لیکن ہم بدلے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور یہ معاملہ کسی انفرادی شخص کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انجن محکمے کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جن کے حصول کے لئے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لارہے ہیں ۔ گاڑیوں کے ٹریک پر کھڑے رہنے سے آمدن میں اضافہ نہیں ہو سکتا اس لئے ہر ممکن کوشش ہے کہ مسافراورفریٹ ٹرینیں چلیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کا روڈ ٹرانسپورٹ سے مقابلہ ہے اگر ہم کم کرائے میں بہتر سہولیات دیں گے تو یہ مقابلہ جیت پائیں گے اسی تناظر میں مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کی گئی جس سے نہ صرف عوام ریلوے کی طرف مائل ہوئے بلکہ اس کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے بہت سے معاملات ابھی بھی تعطل کا شکارہیں لیکن اس سے ریلوے کے روز مرہ کے معمولات ہرگز متاثرنہیں ہو رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی کیلئے بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں انشا اللہ ریلوے کو اپنے پاؤں پرکھڑاکرکے دکھائیں گے۔