امریکہ کے پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے تحفظات برقرار ہیں ، امریکی محکمہ خارجہ

بدھ 15 جنوری 2014 15:35

امریکہ کے پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے تحفظات برقرار ہیں ، امریکی ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) امریکہ نے ایک بار واضح کیا ہے کہ تہران کے ساتھ جوہری توانائی کے سمجھوتے کے باوجود واشنگٹن کے پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے تحفظات برقرار ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان ہونے والے گیس پائب لائن معاہدے کے حوالے سے واشنگٹن کے تحفظات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے مابین ہونے والے جوہری توانائی کے سمجھوتے کے مطابق تہران معاہدے کی پاسداری کرتا ہے تو اسے کچھ رعایت ضرور ملے گی تاہم ایران پر تیل، بینکنگ اور معاشی پابندیاں برقرار رہیں گی۔

انہوں نے کہاکہ معاہدے کے مطابق عالمی توانائی ایجنسی 20 جنوری کو ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور اگر ایران سمجھوتے کی پاسداری پر پورا اترتا ہے تو اس صورت میں معاہدے کی مدت میں توسیع کی جائیگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے مسلسل تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے اور معاہدے کی صورت میں پاکستان کو امداد بند کرنے کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہی ہیں ، پاکستان اور ایران کی حکومتیں گیس پاپ لائن معاہدے کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتی ہیں۔