Live Updates

بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ، بچوں پر ظلم اور زیادتی کے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو آواز اٹھانی ہوگی،خرم شیر زمان

بدھ 15 جنوری 2014 20:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) کلفٹن میں تشدد کانشانہ بننے والے دس سالہ بچے اور چائلڈ لیبر کے قوانین پر بحث کے لیے سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قراداد جمع کرادی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی خرم شیرزمان ،سید حفیظ الدین اور ڈاکٹر سیما ضیاء نے بدھ کو سیکرٹری سندھ اسمبلی کے دفتر میں ایک قرار داد جمع کرائی ،اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ چائلڈ لیبر پر مکمل پابندی لگائی جائے ۔

کلفٹن میں 10سالہ ملازم بچے ہریش کمار پر مالکان کا تشدد انتہائی افسوسناک ہے ۔ان واقعات کی روک تھام کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے ،جس میں وہ ناکام ہوگئی ہے ۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں ہریش کمار اور چائلڈ لیبر کے قوانین پر بحث کی جائے کیونکہ چائلڈ لیبر کے قوانین پر عمل کرنا وقت کی اشد ضرورت ہیں جبکہ چائلڈ لیبر میں ملوث فیکٹری مالکان اور دیگر افراد کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

(جاری ہے)

قرارداد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا کہ تحریک انصاف کلفٹن میں 10سالہ بچے سریش کمار پر مالکان کے بہیمانہ تشدد کی مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں چائلڈ لیبر قوانین تو ہیں تاہم ان پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے ،جس کی وجہ سے یہ واقعات پیش آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بچوں پر ظلم اور زیادتی کے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو آواز اٹھانی ہوگی ۔

حکومت فوری طور پر ان واقعات کا نوٹس لے ۔اس موقع پر ڈاکٹر سیما ضیاء نے کہا کہ اگر چائلڈ لیبر قوانین پر عملدرآمد ہو تو ملک میں ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے ۔حکومت اور این جی اوز کو ملک میں چائلڈ لیبر قوانین پر عملدرآمد اور آگہی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اس حوالے سے سیاسی قوتوں کو بھی آگے آنا ہوگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات