وزیرداخلہ چوہدری نثار دہشت گردوں کے ترجمان ہیں، حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر گھنٹوں روتے رہے ، میاں افتخار حسین ،موجودہ حکومت دہشت گردوں کاساتھ دے رہی ہے، ہم لاشیں اٹھارہے ہیں ، تقریب سے خطاب ، مرکز میں کنفیوژ اور صوبے میں بزدل حکومت ہے ، خیبرپختونخوا میں کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے تھنک ٹینک کا اجلاس بلایا ہے ، حاجی عدیل

بدھ 15 جنوری 2014 20:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار دہشت گردوں کے ترجمان ہیں، وہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر گھنٹوں روتے رہے ، اعتزازحسن کیلئے انکے پاس دو لفظ بھی نہیں تھے۔پشاور میں باچا خان مرکز میں اے این پی کے رہنما میاں مشتاق کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہاکہ موجودہ حکومت دہشت گردوں کاساتھ دے رہی ہے، ہم لاشیں اٹھارہے ہیں اور حکمران بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں، انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار دہشت گردوں کے ترجمان ہیں، وہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر گھنٹوں روتے رہے لیکن اعتزازحسن کیلئے انکے پاس دو لفظ بھی نہیں تھے۔

میاں افتخار حسین نے کہاکہ مرکزی حکومت اور اپوزیشن کا دہشتگردی کے حوالے سے موقف ایک جیسا ہے اور دونوں حکومتیں موجودہ صورتحال کی ذمہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

میاں افتخار حسین نے کہاکہ میاں مشتاق کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے اور اس کا مقدمہ بھی خیبرپختونخوا حکومت اور دہشتگردوں کے خلاف درج کیا جانا چاہئے اس موقع پر اے این پی کے عبوری صدر سینیٹر حاجی عدیل نے بھی مرکزی وصوبائی حکومتوں کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا جن کا کہنا تھا کہ مرکز میں کنفیوژ اور صوبے میں بزدل حکومت ہے۔

حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے تھنک ٹینک کا اجلاس بلایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکز میں نہ وزیرخارجہ ہے، نہ وزیرقانون کیونکہ وزارتوں کیلئے نوازشریف کے رشتہ دار ختم ہوگئے ہیں اب محکمے کس کو دیں یہ فیصلہ کرناان کے لیے بہت مشکل ہے۔