وفاقی حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس نہ بلایا تو سندھ ریکوزیٹ کریگا،سینیٹررضاربانی، آئندہ 48گھنٹے میں وزیراعظم سے رابطہ کرکے سی سی آئی کے اجلاس کی حتمی تاریخ کاتعین کیاجائیگا ،ریاض پیرزادہ،ہفتے دس دن کے اندرسی سی آئی کااجلاس ہوگااوراس کے فیصلوں پرعمل کیاجائیگا،راجہ ظفرالحق،سینیٹررضاربانی کی نجکاری کے حوالے سے تحریک استحقاق پر فیصلہ محفوظ

بدھ 15 جنوری 2014 22:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرسینیٹرمیاں رضاربانی نے وفاقی حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس نہ بلایاگیا تو صوبہ سندھ ریکوزیٹ کریگا،تحریک استحقاق پرحکومت کو مزید بارہ دن دے دیئے جائیں۔بدھ کو سینیٹ کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پراظہارخیال کرتے ہوئے سینیٹررضاربانی نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس 90روز میں بلاناضروری ہے 165دن گزرچکے ہیں حکومت مسلسل آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے انتہائی اہم معاملات ہیں جن میں نجکاری کابھی ہے حکومت چاہ رہی ہے کہ وہ صوبائی خودمختاری ختم کردے بالخصوص سندھ کو مجبورنہ کریں کہ وہ سی سی آئی کے اجلاس کیلئے ریکوزیٹ کرے حکومت مشترکہ مفاد کونسل کو بائی پاس کرنے کی کوشش کررہی ہے اس موقع پروفاقی وزیربین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے کہاکہ وزارت کی طرف سے فائل مکمل ہے ہم چاہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات بھی اتفاق رائے کے بغیرنہیں ہونے چاہئیں وزیراعظم کواراکین سینیٹ کے تحفظات سے آگاہ کیاجائیگا صوبوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں جب تک وزارت موثرانداز میں نہیں چلے گی مسائل حل نہیں ہوں گے اٹھارہویں ترمیم پرمکمل عملدرآمد کیاجائیگا انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 48گھنٹے میں وزیراعظم سے رابطہ کرکے سی سی آئی کے اجلاس کی حتمی تاریخ کاتعین کیاجائیگا اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سی سی آئی پارلیمان کوجوابدہ ہے اگرحکومت نے اجلاس نہ بلایاتو ذمہ داری پارلیمنٹ پر آجاتی ہے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں سینیٹرمیاں رضاربانی نے کہاکہ نجکاری کے عمل اورادارو ں کی فہرست کامرحلہ اس وقت مکمل نہیں ہوگا جب تک سی سی آئی اس کی منظوری نہ دے انہوں نے گزشتہ روز حکوممت کیخلاف پیش کی ہوئی تحریک استحقاق پراپنے دلائل دیئے جس کے جواب میں قائدایوان راجہ ظفرالحق نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت اٹھارہویں ترمیم بنانے میں پیش پیش تھی مسلم لیگ ن سٹیک ہولڈر ہے اس کی ہرشق پرعمل کرناہماری ذمہ داری ہے ہفتے دس دن کے اندرسی سی آئی کااجلاس ہوگااوراس کے فیصلوں پرعمل کیاجائیگا اس تحریک استحقاق پر اس وقت تک فیصلہ نہ کیاجائے جس پرسینیٹرمیاں رضاربانی نے کہاکہ حکومت کو بارہ دن کی مہلت دے دی جائے راجہ ظفرالحق نے یقین دہانی کرائی ہے بعدمیں تحریک استحقاق پرفیصلہ دیدیں جس کے بعدقائمقام چیئرمین نے تحریک استحقاق پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔