نواب شاہ، ٹریفک حادثے میں جاں بحق 17 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

جمعرات 16 جنوری 2014 11:47

نواب شاہ، ٹریفک حادثے میں جاں بحق 17 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) نواب شاہ کے علاقے دولت پور میں گزشتہ روذ ٹریفک حادثے میں جاں بحق 17 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، سانحہ پر دولت پور کی فضاء سوگوار ہے، نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور ہر آنکھ اشک بار تھی۔

قاضی احمد نوابشاہ روڈ پر روہڑی کینال پل کے نزدیک گذشتہ روز نوابشاہ سے دولت پور جانے والی اسکول بچوں کی وین کو مخالف سمت سے آنے والے ڈمپر نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں وین میں سوار 17 طلبا اور طالبات سمیت 22 افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے میں وین مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو وین کاٹ کر نکالا گیا جبکہ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، زخمی بچوں اور اساتذہ کو پیپلز میڈیکل یونیورسٹی اسپتال نوابشاہ منتقل کیاگیا، حادثے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کو طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نوابشاہ عبدالعلیم لاشاری کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کا تعلق دولت پور کے برائیٹ فیوچر پبلک ہائی اسکول سے تھا اور بچے پرائیویٹ اسکولوں کے درمیان منعقدہ انسائیکلوپیڈیا مقابلے میں شرکت کے بعد واپس گھر دولت پور جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے جبکہ حادثے کا شکار ہونے والے بچوں کی عمریں 11 سے 15 سال تھیں۔ صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف زرداری، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، گورنر سندھ عشرت العباد، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، ڈاکٹر بہادر ڈہرای نے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں اسکول کے طالبعلموں سمیت متعدد معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔