ریگولیٹری قوائدکی خلاف ورزیاں ،ایس ای سی پی نے56 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دئیے

جمعرات 16 جنوری 2014 20:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمشن آف پاکستان نے رجسٹر اور غیر رجسٹر کاروباری کمپنیوں میں ہونے والی کرپشن ، بے ضابطگیوں اور غیر قانونی کاروبار کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے جس کے مطابق انضباتی قوائد پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور کمپنیوں کو افشاں معلومات کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کا پابند بنا یا جائے گا جبکہ ریگولیٹری اداروں اورقانون نافذ رکرنے والی ایجنسیوں کے مابین غیر قانونی کاروبار اور فراڈ میں ملوث کمپنیوں سے متعلق معلومات کے تبادلہ کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔

نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں انضباطی قوائدکی خلاف ورزیوں ، سالانہ گوشواروں اور حسابات میں بے قائدگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر56 کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ڈائریکٹرز اور لسٹڈ اور نان لسٹڈ کمپنیوں کے آڈیٹرزکو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردئیے ہیں ۔

(جاری ہے)

اظہار وجوہ کے نوٹس ،ایس ای سی پی کے انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نومبر اور دسمبر کے مہینے میں جاری کیے گئے۔

کمپنیوں کے گوشواروں اور حسابات کی جانچ پڑتال کے دوران کئی کمپنیوں کی فنانشل سٹیٹمنٹ میں بے ضابطگیاں پائی گئیں ، جبکہ کئی کمپنیوں کو آڈٹ کے مروجہ قوائد پورے نہ کرنے، سالانہ فنانشل سٹیٹمنٹ جاری کرنے میں تاخیر ، ڈائریکٹرز کے انتخابات نہ کروانے اور کمپنی کے منافع اور بونس کی بروقت ادائیگی نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے گئے ۔اس دوران ایس ای سی پی نے 62کمپنیوں کے ڈائریکٹرز اور آڈیٹرزکے خلاف کارروائی مکمل کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے اور انتباہ کے نوٹس جاری کئے۔

نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں سرمایہ کاروں کی جانب سے کی جانب سے منافع اور سالانہ بونس کی بروقت ادائیگی نہ کرنے کی 65شکایات کو نمٹایا گیا ۔ انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے23 کمپنیوں کو کاسٹ ایڈیٹر رکھنے کی اجازت دی جبکہ ڈ ائریکٹرز کی درخواست پر ایک کمپنی کوشراکت داروں کے سالانہ اجلاس کی تاریخ میں توسیع کرنے کی منظوری دی جبکہ ایک اور کمپنی کو سالانہ اجلاس کے مقام کی تبدیلی کی اجازت دی گئی۔

متعلقہ عنوان :