امریکی سفیر رابن رافیل اور قونصل جنرل مائیکل ڈوڈمین کی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات، صوبے اور شہر میں ترقیاتی کاموں اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 16 جنوری 2014 20:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) امریکی سفیر برائے معاشی ترقی رابن رافیل اور قونصل جنرل مائیکل ڈوڈمین نے جمعرات کو گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبے اور شہر میں ترقیاتی کاموں اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امریکہ نے یو ایس ایڈ کے ذریعے اہم شعبوں تعلیم ، سیکیورٹی ، ایگریکلچر ، فوڈ پروسیسنگ ، اساتذہ تربیت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے اپنا نیا تشخص ابھارنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان شعبوں کا براہ راست تعلق عوام سے ہے لیکن کئی عرصے یہ شعبے وسائل کی کمی کے باعث نظر انداز رہے اب یو ایس ایڈ سے ان شعبوں میں بہتری لائی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ توانائی کا شعبہ پاکستان کی لائف لائن بن چکا ہے جس پر فوری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے صوبہ سندھ اور اس کے سب سے بڑے شہر کراچی میں توانائی کے وسیع ذرائع دستیاب ہیں جن پر خصوصی توجہ دی جائے تو قلیل عرصے میں محدود سرمایہ کاری کے ذریعے وسیع پیمانے پر توانائی حاصل کی جاسکتی ہے ان کی خواہش ہے کہ امریکہ اس شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرے جس سے پاکستان میں توانائی بحران سے نمٹنے میں آسانی ہوگی جبکہ اقدام سے پاک امریکہ دوستی کو ایک نئی سمت بھی مل سکتی ہے یقیناً یہ ایسا اقدام ہوگا جسے پاکستانی عوام ہمیشہ یاد رکھے گی ۔

اس موقع پر امریکی سفیر برائے معاشی ترقی رابن رافیل نے گورنر سندھ کو بتا یا کہ ان کا ملک اور عوام اپنے دوست ملک پاکستان کو پر امن اور ترقی یافتہ دیکھنا چا ہتا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ فی الحال یو ایس ایڈ کے ذریعے سرمایہ کاری کے لئے انسانی زندگی میں اہم کردار کرنے والے شعبوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں تعلیم ، انسانی ترقی ، زراعت ، سیکیورٹی ، ترقی برائے نوجوانان ، اساتذہ تربیت اہم ہیں ۔ انہوں نے بتا یا کہ امریکہ کی پوری توجہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے پر مرکوز ہے اور جن ذرائع پر انہوں نے نشاندہی کی ہے اس پر بھی یقیناً غور کیا جائے گا امریکہ اس ضمن میں جو بھی تعاون ممکن ہوگا فراہم کریگا ۔