پشاور میں طالبان دہشت گردوں کی کارروائی بزدلانہ اور سفاکانہ ہے ، فاروق ستار کی تبلیغی جماعت کے مرکز پر حملے کی مذمت

جمعہ 17 جنوری 2014 14:32

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، حکومت دہشت گردوں سے مذاکرات پر بضد ہے ، لگتا ہے پاکستان کو طالبان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کریت ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پشاور میں طالبان دہشت گردوں کی کارروائی بزدلانہ اور سفاکانہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے طالبان کے بارے میں جس طرح کا معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے حکومت اور عسکری اداروں نے پاکستان کو طالبان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ حکومت کا یہ عمل ملک اور قوم سے بھی کھلی غداری کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے عوام متحد ہوکر میدان میں آئیں اور ملک کو ان دہشت گردوں سے نجات دلائیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے پشاور حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت بھی کی ۔