حمزہ شہباز کو طالبان سے مذاکرات کی ذمہ داری دینے کے حوالے سے منور حسن کابیان انتہائی غیر سنجیدہ ہے ، صدیق الفاروق

جمعہ 17 جنوری 2014 14:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنماصدیق الفاروق نے کہا ہے کہ منور حسن کی جانب سے حمزہ شہباز کو طالبان سے مذاکرات کی ذمہ داری دینے کے حوالے سے دیاگیابیان انتہائی غیر سنجیدہ ہے ایک انٹرویو میں صدیق الفاروق نے کہاکہ اس وقت طالبان سے وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں نہایت سنجیدگی کے ساتھ بات کی جارہی ہے تاہم ہم تمام لوگوں بشمول انٹیلی جنس ایجنسیوں میں بہت زیادہ خامیاں اور غلطیاں ہیں یہ تمام تر غلطیاں آج کی نہیں ماضی میں اختیار کی گئی غلط پالیسیوں کانتیجہ ہیں، انہوں نے کہاکہ طالبان مذاکرات میں سنجیدہ ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئیں اور اپنی مذموم کارروائیاں بند کردیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی بقا وسلامتی کے لئے ایسے فیصلے کررہے ہیں جو پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ طالبان مذاکرات کے لئے اپنی کارروایئوں کو بندکریں تاکہ ہم یہ دیکھ سکیں کہ طالبان کے علاوہ وہ کونسے عناصر ہیں جو ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژکرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک کو نازک صورتحال سے نکالنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نقطے پر متفق ہوکر اس کے سدباب کا طریقہ ڈھونڈنا ہوگا۔