سندھ ہائی کورٹ کا محکمہ آبپاشی کے ملازمین کے عہدوں کو اپ گریڈ کرنے کا حکم

جمعہ 17 جنوری 2014 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ آبپاشی کے ملازمین کے عہدوں کو اپ گریڈ کرنے کا حکم دیتے ہوئے 3ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شوکت میمن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے محکمہ آبپاشی سندھ کے 911ملازمین کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار غلام مصطفی اور دیگر نے موقف اختیار کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 10مئی 2011کو محکمہ آبپاشی کے تمام ملازمین کو اپ گریڈ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

دوسری بار درخواست دائر کرنے پر بھی حکومت نے ملازمین کو اپ گریڈ نہیں کیا جبکہ حکومت سندھ نے دوسری بار درخواست کرنے کے بعد سندھ ہائی کورٹ سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی استدعا کی تھی لیکن عدالت نے حکومت کی درخواست مستردکرتے ہوئے فیصلہ برقرار رکھا تھا ۔سندھ ہائی کورٹ کے دو بار احکامات جاری کرنے کے باوجود بھی محکمہ آبپاشی کے ملازمین کو اپ گریڈ نہیں کیا گیا ۔عدالت نے 911ملازمین کے عہدوں کی ترقی اور ان کو اپ گریڈ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تین ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ۔واضح رہے کہ محکمہ آبپاشی کے ملازمین کو 1992کے بعد سے اب تک کسی قسم کی ترقی نہیں دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :