پنجاب کے حکمران ریاستی جبر کی انتہا کر رہے ہیں غریب عوام بھوک سے مر رہی ہے ،حکمران فضول خرچیوں میں مصروف ہیں ،میاں محمود الرشید ،فیروز پور روڈ پر دوکانوں اور مکانوں کو مسمار کئے جانے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائینگے،بھر پور احتجاج کیاجائیگا،ضرور ت پڑی تو تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کریں گے ‘ اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 جنوری 2014 20:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب کے حکمران ریاستی جبر کی انتہا کر رہے ہیں غریب عوام بھوک سے مر رہی ہے جبکہ حکمران فضول خرچیوں میں مصروف ہیں ‘فیروز پور روڈ پر دوکانوں اور مکانوں کو مسمار کئے جانے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائیں گے اور اسمبلی کے اندر اور باہر بھر پور احتجاج کیاجائے گا ‘حکمران غریب آدمی کیلئے آسانیاں پیدا نہیں کر سکتے تو خد ا کیلئے ان پر ظلم بھی نہ کئے جائیں‘تحریک انصاف متاثرہ تاجروں اور عوام کے ساتھ ہر فورم پر کھڑی ہو گی اور ظالم حکمرانوں کا راستہ روکا جائے گا‘ضرور ت پڑی تو تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کریں گے ۔

وہ جمعہ کے روز فیروز پور روڈ پر متاثرین کے ساتھ احتجاجی دھرنا میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے جبکہ اس موقعہ پر انکے میڈیا ایڈوئزر رانا اختر حسین ‘تاجروں قائد ایوب میو سمیت متاثر ین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہاکہ پنجاب کے حکمرانوں نے صوبے میں جنگل کا قانون رائج کیا ہوا ہے اور اپنی من مانی کیلئے ریاستی جبر کیا جا رہا ہے جس طرح فیروز پور روڈ پر دوکانوں اور مکانوں کو کسی نوٹس کے بغیر مسمار کیا جا رہا ہے یہ سب سے بڑا ریاستی جبر ہے اور عدالت کو بھی اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف تاجروں اور دیگر متاثرین کے ساتھ ہیں اورہم نہ صرف پنجاب اسمبلی کے اندر بلکہ باہر بھی شدید احتجاج کریں گے اور ہر صورت حکمرانوں کے جبر اور مظالم کا راستہ روکا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ اگر ضرورت پڑی تو ہم تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ سے ملاقات بھی کریں گے کیونکہ ہم تاجروں کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔